صاف پانی کرپشن کیس، ملزموں کی بریت درخواستوں پر فیصلہ موخر
لاہور (نامہ نگار) لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما انجینئر قمرالسلام راجہ سمیت ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر کردیا۔لاہور کی احتساب عدالت میں صاف پانی کمپنی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق سی او صاف پانی وسیم اجمل، انجینئر قمرالاسلام راجہ، طاہر مقبول سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری کے روبرو پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹرعدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ نیب نے صاف پانی کمپنی کیس میں نئے شواہد ملنے کے بعد 17ملزموں کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لہذا ضمنی ریفرنس کا جائزہ لینے تک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ کیا جائے۔ ملزموں کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ گذشتہ سماعت پر فریقین کی جانب سے بحث مکمل کی جاچکی ہے، اب عدالت نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنانا ہے۔عدالت نے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت28 مئی تک ملتوی کردی۔ ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طورپر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔