الخدمت کے تحت گلشن معمار میں سستا مارٹ کا افتتاح
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ حکومت سندھ کے سمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلہ کو دانشمندانہ قدم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی طرح روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور مارکیٹ کمیٹیوں کو مؤثر بنایا جائے۔ الخدمت کے تحت سستا مارٹ خوش آئند اور اس کے ذریعے غریب، سفید پوش و مڈل کلاس طبقہ کو فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ گلشن معمار کے تحت ابو حذیفہ مسجد سیکٹر زیڈ فور میں قائم الخدمت سستا مارٹ کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ قیم ضلع شمالی وسطی عرفان احمد، ناظم علاقہ ابوالخیر، نعمان ملک اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ہمراہ موجود تھے۔ منتظمین نے امیر صوبہ کو بازار کا دورہ اور بتایا کہ یہ سستا مارٹ20 رمضان تک جاری رہے گا۔ جہاں پر سبزی، فروٹ، دالیں گوشت سمیت دیگر ضروریات زندگی کا سامان بازار سے مناسب ریٹ پر دستیاب ہوگا۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے الخدمت سستا مارٹ کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے انسانیت کے خدمت والے جذبے کو سراہا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی اور رمضان کے بابرکت مہینے میں انسانوں کے ساتھ غم گساری بڑی خدمت ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے گرفتار تاجروں کی رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت گرفتار تاجروں کو آزاد اور مقدمات ختم کر کے کورونا کے خاتمے و حفاظتی تدابیر کیلئے طاقت و ڈنڈے کے بجائے افہام و تفہیم کے ساتھ معاملات کو حل کیا جائے۔ کورونا، لاک ڈاؤن اور کاروبار ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔کورونا کی وجہ سے مرنا نہیں بلکہ زندہ رہنا سیکھنا چاہئے۔بیروزگاری غربت کی وجہ سے لوگ پہلے ہی پریشان اورذہنی مریض بن رہے ہیں۔عوام کو صرف اس سے ڈرانا اورخوف کا ماحول پیداکرنے کی بجائے امید اورحوصلہ دیا جائے، معمول کے مطابق زندگی کو چلنا چاہئے۔ علماء کرام و کاروبار ی حضرات سمیت عوام کو بھی حکومتی حفاظتی اقدامات اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہیے۔