ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل پاکستان نے کنسٹرکشن انڈسڑی ڈویلپمنٹ بورڈ کی مخالفت کر دی

ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل پاکستان نے کنسٹرکشن انڈسڑی ڈویلپمنٹ بورڈ کی مخالفت ...

  

اسلام آباد(آئی این پی)بد عنوانی پر نظر رکھنے والے ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ (سی آئی ڈی بی)کی مخالفت کردی۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے وفاقی حکومت کو لکھے جانیوالے خط میں مجوزہ کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بورڈ بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیاہے۔خط میں پلاننگ کمیشن کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام نہ اٹھایا جائے جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہو۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (کیپ)کے بااثر کنٹریکٹر سی آئی ڈی بی کا بل منظور کروا نے کیلئے متحرک ہیں، لیکن ایسے کنسٹرکشن بورڈ کی تشکیل غیر آئینی ہوگی۔کنٹریکٹرز کو لائسنس دینے کا اختیار پہلے سے پاکستان انجینئرنگ کو نسل (پی ای سی)کے پاس ہے، سی آئی ڈی بی کی تشکیل سے (پی ای سی) اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(پیپرا)عملی طورپر غیر فعال ہوجائیں گے اور تمام انجینئرنگ اداروں کو کیپ کے پسندیدہ کنٹریکٹرز کو قبول کرنا پڑیگا۔ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ سی آئی ڈی بی دنیا کا واحد ادارہ ہوگا جو اپنے کام کا خود ہی نگران ہوگا۔ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کنسٹرکشن بورڈ کی مجوزہ تشکیل سے کنسٹرکشن انڈسٹری میں کرپشن ہوگی اور تعمیراتی صنعت چند سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے کنٹریکٹرز کے ہاتھ میں چلی جائے گی، جبکہ بورڈ میں نان انجینئر کنٹریکٹرزکی اکثریت ہونے کے باعث یہ غیرجانبدارانہ کام نہیں کرسکے گا۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے کنسٹرکشن انڈ سٹری ڈویلپمنٹ بورڈ بنانے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعظم نے ملک کے تعمیراتی شعبے کیلئے ایمنسٹی سکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا ایک سال تک تعمیرات کے کام میں پیسہ لگانے والوں سے پوچھا نہیں جائے گا کہ پیسہ کہاں سے آیا، تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دیدیا گیا، جو فیملی بھی گھر بیچے گی اس پر کیپٹل گین ٹیکس نہیں لگے گا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

مزید :

صفحہ آخر -