کراچی،دکانیں کھولنے پر گرفتار تاجروں کی درخواست ضمانت منظور
کراچی(اسٹاف رپورٹر) عدالت نے دکانیں کھولنے پر گرفتار کیے گئے تاجروں کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی کی عدالت میں شہر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور تاجروں کو اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے تاجر رہنما حماد پونا والا اور دیگر تاجروں کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کرتے ہوئے تاجروں کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے ان گرفتار تاجروں کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔دیگر ملزمان میں محمد احسان، محمد خلیل، جاوید عبدالشکور، ملک عقیل اور فیصل حسن زئی شامل ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل بغیر اجازت مارکیٹیں کھولنے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے اور اس پر اکسانے سے متعلق کیس میں تاجروں حماد پونا والا، محمد احسان، محمد خلیل، جاوید عبدالشکور، ملک عقیل اور فیصل حسن زئی کو گرفتار کیا گیا تھا۔