یہ وقت سیاست کا نہیں اپوزیشن اور حکومت مل کر کورونا کا مقابلہ کریں: شجاعت حسین پرویز الٰہی

        یہ وقت سیاست کا نہیں اپوزیشن اور حکومت مل کر کورونا کا مقابلہ کریں: ...

  

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے سے جنرل سیکرٹری پنجاب سینیٹر کامل علی آغا اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار نے اہم ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم بریار نے پارٹی قائدین کی ہدایت کے مطابق راشن، سینی ٹائزرز اور حفاظتی ماسک تقسیم کیے جانے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ خاندانوں کی امداد جاری رکھی جائے، اس وقت پوری دنیا اس وبائی مرض کا شکار ہے جبکہ پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اپوزیشن اور حکومت کو ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے پاکستانی بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور، گوجرانوالہ کے اضلاع میں پارٹی کی جانب سے راشن اور کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس تقسیم کرنے پر پارٹی رہنماؤں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مسلم لیگ ق

مزید :

صفحہ آخر -