وزیراعظم کی بیرون ملک مقیم پاکستانی طبی ماہرین سے کورونا کیخلاف مدد کی اپیل

  وزیراعظم کی بیرون ملک مقیم پاکستانی طبی ماہرین سے کورونا کیخلاف مدد کی اپیل

  

اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خلاف مصروف عمل ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طبی ماہرین بھی معاونت کیلئے یاران وطن پروگرام میں اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے خلاف جنگ میں پاکستانی طبی ماہرین صف اول پر مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بیماری کے انسداد کیلئے ہمارا ہاتھ بھی بٹانا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بیرون ملک موجود اپنے طبی ماہرین کے لیے یاران وطن کے نام سے ایک قدم اٹھایا ہے۔یاران وطن پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک موجود پاکستانی طبی ماہرین معاونت کیلئے اس کے ذریعے اپنا اندراج کرواسکتے ہیں۔یاران وطن پروگرام کی جانب سے بھی بیرون ملک مقیم پاکستانی ماہرین سے کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کی مدد کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی طبی ماہرین سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی طبی ماہرین سے کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں تعاون کریں۔تعاون کے حوالے سے مختلف بتائے گئے اقدامات ہیں جن میں علاج کے لیے ٹیلی ٹریننگ سیشنز، ٹیلی میڈیسن اور صحت کے حوالے سے کونسلنگ اور ریسرچ میں تعاون شامل ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے قانون سازی کا عمل تیز کرنے کیلئے تمام وزارتوں کو خط لکھ دیا۔وزیراعظم آفس نے وزارتوں کو قانون سازی سے متعلق مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان سے رابطے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وزارتیں آئین سازی سے متعلق آئینی معاملات کیلئے بابر اعوان سے رابطہ کریں،قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قانون سازی میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان سے رابطہ کیا جائے۔ مزید برآں تحریک انصاف کے 24ویں یوم تاسیس پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 24 سال قبل قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست کیلئے پارٹی کی بنیاد رکھی کیونکہ اسلامی فلاحی ریاست کے حصول کیلئے قانونی کی حکمرانی اہم ہے، ہر کوئی قانون کے آگے برابر ہو اور طاقتور قانون کے تابع ہو۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کے وسائل پر مخصوص طبقے کے قبضے کو چھڑانا ہے، قوم کے وسائل کو غربت کی لکیر سے نیچے والوں کیلئے استعمال کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری جماعت کی کسی بھی سیاسی جماعت سے زیادہ جدوجہد ہے جبکہ نعیم الحق، احسن رشید، سلونی بخاری کو خاص طور پر یاد کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان کاسیمنٹ کی قیمت بڑھنے کا نوٹس، متعلقہ وزارت سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے تعمیراتی صنعت کھولنے کے اعلان کے بعد بعض سیمنٹ فیکٹری مالکان نے اچانک قیمتیں بڑھا دیں جس کا وزیراعظم نے سخت نوٹس لیتے ہوئے قیمت بڑھانے والی سیمنٹ فیکٹریوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری کو ماضی میں دی جانے والی غیر ضروری مراعات اور ٹیکس چھوٹ کی تفصیل بھی طلب کر لی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیمنٹ مافیا بارے انکوائری کی جائے تو یہ آٹا چینی اور آئی پی پیز سے بھی بڑا سکینڈل بنے گا۔

سیمنٹ مافیا

مزید :

صفحہ اول -