لائنز ایریا میں ”الخدمت کچن“کا آغاز، سینکڑوں گھرانوں کیلئے سحری کا انتظام

  لائنز ایریا میں ”الخدمت کچن“کا آغاز، سینکڑوں گھرانوں کیلئے سحری کا ...

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع قائدین کے تحت لائنز ایریا میں قائم ”الخدمت کچن“کا دورہ کیا ٗ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع قائدین کے امیر سیف الدین ایڈوکیٹ،نائب امیر ضلع نصیر اللہ حسینی،ناظم علاقہ سید خالدعلیم الدین، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔ الخدمت کے ذمہ داران نے حافظ نعیم الرحمن نے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ لائنز ایریا اور مقامی علاقوں کے لیے روزانہ پکے پکائے کھانے کا انتظام کیا جارہاتھا اور رمضان میں یہاں کے مقامی لوگوں کے لیے سحری کا انتظام کیا گیا ہے اور یہ سب کچھ مخیر حضرات کے تعاون سے ممکن ہورہا ہے۔الخدمت کے رضاکار مستحق افراد کو ان کی عزت نفس مجروح کیے بغیر ان کے گھروں پر سحری پہنچارہے ہیں۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت شہر میں متعدد مقامات پر الخدمت کچن قائم ہیں جہاں سے روزانہ ضرورت مند اور مستحقین کے لیے تیار کھانا پہنچایا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ لائنزایریا کراچی کی قدیم بستی ہے، یہاں محنت کش مزدور اور چھوٹے چھوٹے کارخانے ہیں اور اس علاقے میں بے شمار مسائل ہیں، بد قسمتی ہے کہ ووٹ لے کر منتخب ہونے والوں نے لائنز ایریا کے عوام کو مایوس کردیا اور مسائل کے حل کے لیے کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ شہر میں اس وقت سب سے مؤثر آواز جماعت اسلامی کی ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے شہری مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے اور عوامی مسائل حل کرائے ہیں، آج یہاں کے مقامی نوجوان جماعت اسلامی اور الخدمت کے ساتھ مل کر خدمت کے کام میں مصروف ہیں،عوام کو اب یہ بات سمجھ لینا چاہیئے کہ صرف تقریریں اور دعوے کرنے والے عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے، اب وقت کی ضرور ت ہے کہ عوام بیدار ہوں اور جماعت اسلامی کا حصہ بنیں،جماعت اسلامی عوام کے تعاون سے ان شاء اللہ اس علاقے کے مسائل حل کرائے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال اور کورونا وائرس و حکومتی لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی امداد کریں۔#

مزید :

صفحہ آخر -