حکومت سیاسی تفریق کے بغیر غریب خاندانوں کو ریلیف مہیا کر رہی ہے: چودھری سرور

    حکومت سیاسی تفریق کے بغیر غریب خاندانوں کو ریلیف مہیا کر رہی ہے: چودھری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کورونا وباء ختم نہیں ہو رہی بلکہ آنیوالے دنوں میں اس میں مزید شدت آسکتی ہے۔حکومت نے مزدور طبقہ کا خیال کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی تاہم عوام احتیاطی تدابیر ترک نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں علماء اور مساجد انتظامیہ نے کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی نہ بنایا تو ملک وقوم کیلئے اگلا(بقیہ نمبر7صفحہ6پر)

ماہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔گورنر پنجاب نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں کیلئے 5 ہزار پی پی آئی حفاظتی کٹس اور ہزاروں فیس شیلڈز فراہم کردی گئی ہیں تاکہ فرنٹ لائن پر وباء سے لڑنے والے ڈاکٹرز کو محفوظ رکھا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے ایک روزہ دورہ کے دوران نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب اور میڈیا کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن ندیم قریشی،اراکین اسمبلی،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا سمیت ڈاکٹرز کمیونٹی نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز میں حفاظتی کٹس بھی تقسیم کیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بغیر کسی سیاسی تفر یق احساس پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ20لاکھ سے زائد غر یب خاندانوں کو فی کس12ہزار دے رہی ہے جبکہ فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے 5لاکھ غر یب خاندانوں کو راشن بھی فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوروناکیخلاف فر نٹ لائن لڑنیوالی افواج پاکستان‘رینجرز‘پولیس اور ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم سب انکے ساتھ کھڑے ہیں۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پہلے مر حلے میں ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے ڈاکٹرز کیلئے5ہزار حفاظتی کٹس اور ڈاکٹرز کو حفاظتی شیلڈز بھی فراہم کر رہے ہیں اور پنجاب میں جہاں بھی ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان کی ضرورت ہوگی ہم فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا بحران سے بے روزگار ہونیوالے غر یب خاندانوں کیلئے ہم فلاحی تنظیموں کیساتھ ملکر کام کر رہے ہیں اور مکمل طور پر شفاف طر یقے سے غر یب خاندانوں کو راشن فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈمیں گور نر ہاؤس میں مخیرحضرات اور بزنس کیمونٹی نے 40کروڑ روپے سے زائد جمع کروائے اورمجموعی طور پر ہم 3ارب روپے کورونا بحران سے متاثر ہونیوالے افراد کیلئے راشن سمیت دیگر مد میں جمع کر چکے ہیں جن کے ذریعے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہر وں میں پانچ لاکھ غر یب خاندانوں کو راشن فراہم کر رہے ہیں۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب میں ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن سنٹرز کے قیام کا تجر بہ کامیاب رہا ہے اور اب تک ہزاروں افراد گھر بیٹھ کر کورونا کے حوالے سے طبی راہنمائی حاصل کر چکے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کوروناکیخلاف جنگ میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام اداروں کی خدمات کو سراہتے ہیں اراکین اسمبلی بھی اس مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اس کڑے وقت سے نمٹنے کیلئے سینی ٹائیزرز اور دیگر حفاظتی سامان مقامی سطح پر تیار ہونا شروع ہوگیا ہے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام یونیورسٹیوں میں قرآن پاک کے ترجمہ کے ساتھ لیکچرز شروع کئے جائیں گے تاکہ نئی نسل کو قرآن کی تعلیمات سے روشناس کرایا جاسکے۔صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک نے جنوبی پنجاب کے ڈاکٹرز کیلئے حفاظتی کٹس کی فراہمی پر گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غر یب خاندانوں کی راشن کی فراہمی کیلئے گور نر پنجاب مثالی کردارادا کر رہے ہیں ہم سب وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت کورونا بحران سے بے روزگارہونیوالے غر یب خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں انکوکسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کوروناکیخلاف جنگ کسی ایک فرد یا جماعت کی نہیں 22کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے اور اس پر اپوزیشن کو سیاست نہیں کر نی چاہیے بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اپوزیشن سمیت تمام مکتبہ فکر کوروناکیخلاف جنگ میں حکومتی اداروں کا ساتھ دیں۔قبل ازیں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب نے وباء میں ٹیلی میڈیشن سنٹرز شروع کرائے جہاں سے عوام کو براہ راست ریلیف حاصل ہوا۔تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف نے مشکل حالات میں خدمات سرانجام دیں جس پر انتظامیہ انکی شکرگزار ہے۔انہوں نے کہا کہ نشتر کے 27 میں سے 26 ڈاکٹر اللہ کے فضل سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔بعدازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں قائم ٹیلی میڈیسن سنٹر کا دورہ بھی کیا اور بریفنگ لی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی طرح پاکستان کی معیشت کو بھی دھچکا لگا تاہم وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی میں حکومت خصوصی دلچسپی رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے اقتدار سنبھالتے ہی اس خطے میں میگا پراجیکٹ شروع کیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ملتان میں اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی،سبین گل،کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق سمیت اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اراکین اسمبلی حکومت کے صحیح معنوں میں سفیر ہیں جو عوام کے حقیقی مسائل اقتدار کے ایوانوں میں اجاگر کرتے ہیں۔موجودہ حکومت عوام کے ٹیکسوں کی ایک ایک پائی کو انکی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا عزم لئے ہوئے اقتدار میں آئی ہے۔آزمائش کی اس گھڑی میں قوم کی ہمت اور صبر کی داد دیتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ حکومت کرونا سے متاثر ہونے والے ہر طبقے کو دوبارہ فعال ہونے میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی پنجاب کے اراکین اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس کڑے وقت میں عوام کے صحیح معنوں میں نمائندے ہونے کا حق ادا کیا اور راشن تقسیم سے لیکر احساس پروگرام کی رقوم کی تقسیم تک عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے اراکین اسمبلی کی جانب سے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ملتان کے عوام کے مطالبات اور مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔