کورونا مزید 16افراد نگل گیا، پاکستان کونازک صورتحال کا سامنا، ماہ رمضان کے پہلے دن عوام نے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، احتیاط ناگزیر، ورنہ باقابل تلافی نقصان ہو گا: ڈاکٹر ظفر مرزا

کورونا مزید 16افراد نگل گیا، پاکستان کونازک صورتحال کا سامنا، ماہ رمضان کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد، لاہور،کراچی، کوئٹہ، مظفر آباد، گلگت بلتستان (سٹاف، جنرل رپورٹر،بیورورپورٹس، مانیٹرنگ ڈیسک نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 875 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تصد یق شدہ کیسز کی تعداد 12 ہزار 646 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں مزید 17 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 268 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 5346، سندھ میں 4245، خیبر پختونخوا میں 1793، بلوچستان میں 721، گلگت بلتستان میں 307، اسلام آباد میں 223 جبکہ آزاد کشمیر میں 55 کیسزہیں۔ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ 38 ہزار 147 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 780 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2755 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 127 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹو ں میں صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 287 نئے کیسز اور 3 اموات کی تصدیق کی گئی،نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار245 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 3 افراد کے انتقال کے بعد سندھ میں اموات کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔اسی طرف 24گھنٹوں میں پنجاب میں مزید 475 نئے کیسز اور 10 اموات کی تصدیق کی گئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیصر آصف کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 5346 تک پہنچ چکی ہے۔ان مجموعی کیسز کے بارے میں انہوں نے بتایا 768 افراد زائرین سینٹر سے، 1922 افراد رائیونڈ سے منسلک، 86 قیدی اور 2550 شہری اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 78 ہوگئی جبکہ 28 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔ اب تک ایک ہزار 96 افراد وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 9 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے۔سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 223 تک جا پہنچی ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 85 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1793 ہوگئی ہے۔صوبے میں وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 93 ہوگئی۔خیبر پختونخوا میں ہفتہ کے روز مزید 13 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا کے 65 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔ان کیسز کے اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 721 ہوگئی۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور مزید 7 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔جس کے بعد گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا سے متاثر افراد کی تعداد 300 سے بڑھ کر 307 تک پہنچ گئی۔تاہم جوں جوں کیسز میں اضافہ ہورہا اسی طرح اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں متاثرہ مزید 228 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔تاہم اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔جہاں 93افراد جان کی بازی ہا رچکے ہیں،سندھ میں 78،پنجاب میں 78،بلوچستان میں 10،گلگت بلتستان میں 3،اسلام آبادمیں 3جبکہ آزاد کشمیر اللہ تعا لیٰ کے فضل و کرم سے ابھی تک کوئی کورونا وائرس سے موت واقع نہیں ہوئی۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاہے کہ کورونا وبا سے متعلق پاکستان نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، رمضان کے پہلے دن عوام نے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، این سی او سی میں تمام وزرائے صحت کی مشاورت ہوئی ہے، پاکستان میں کورونا ویکسین بننے سے متعلق اقدام نہیں، کورونا ویکسین سے متعلق چین کی کمپنی نے رابطہ کیا ہے، چینی کمپنی کے مطابق کرونا ویکسین کافی حد تک بن چکی ہے، چینی کمپنی نے ویکسین کے ٹرائل کیلئے رابطہ کیا ہے، کورونا ویکسین کیلئے جاپان میں بھی تحقیق جاری ہے، جاپانی سفارتخانہ نے ٹرائل کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔ ہفتہ کو معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے پہلے دن عوام نے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، رمضان میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے، عوام رش والی جگہ پر جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ”یاران وطن“ ویب سائٹ کا مقصد طبی ماہرین کی رضاکارانہ خدمات لینا تھا، ویب سائٹ پر دنیا بھر میں پاکستانی ماہرین رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں، این سی او سی میں تمام وزرائے صحت کی مشاورت ہوئی ہے۔ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین بننے سے متعلق اقدام نہیں ہے، کورونا ویکسین سے متعلق چین کی کمپنی نے رابطہ کیا ہے، چینی کمپنی کے مطابق کرونا ویکسین کافی حد تک بن چکی ہے، چینی کمپنی نے ویکسین کے ٹرائل کیلئے رابطہ کیا ہے۔کورونا ویکسین کیلئے جاپان میں بھی تحقیق جاری ہے، جاپانی سفار تخا نہ نے ٹرائل کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا ہے، ہم نے مزید معلومات اور دستاویزات جاپان سے مانگی ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 256 ہوگئی ہے، کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 12227 ہوگئی۔خیال رہے وفاقی حکومت نے ملک گیر لاک ڈان میں 2 ہفتے کی توسیع کر دی ہے، 9 مئی تک موجودہ صورتحال چلے گی، صوبائی حکومتیں صوبوں میں صورتحال کے مطابق فیصلہ کریں گی۔
پاکستان کورونا

واشنگٹن، بیجنگ،لندن، پیرس، نئی دہلی،ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) کورونا وائرس سے عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2لاکھ سے بھی تجاوز کر گئیں۔ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 29 لاکھ سے اوپر جا چکی ہے۔میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں صورتحال قیامت خیزہے، ایک ہی روز میں مزید 1981افراد جان کی بازی ہار گئے، کورونا سے 52 ہزار506 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 9 لاکھ 25 ہزار 38 افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ ہزاروں افراد تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں، بحری بیڑے یو ایس ایس کڈ پر تعینات 18 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ جبکہ عالمگیر وبا کے باعث امر یکہ کی تین ریاستوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات کے بعد کچھ کاروبار کھول دیے گئے ہیں،تاہم ان ریاستوں نے عارضی لاک ڈاؤن کو برقر ار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔امریکی ریاستوں جارجیا اور اوکلاہاما میں سیلون اور اسپا سینٹرز کھول دیے گئے ہیں جبکہ ریاست الاسکا میں ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔دوسری جانب چین میں گزشتہ 10 روز کے دوران کورونا کے باعث ایک بھی ہلا کت رپورٹ نہیں ہوئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 632 ہی ہے۔چین کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے زیادہ تر امپورٹڈ سامنے آ رہے ہیں جس کے باعث ساری توجہ روس سے واپس آنے والے چینی شہریوں پر مرکوز کر دی گئی ہے۔اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ سپین میں یہ تعداد 22 ہزار 524 اور فرانس میں 22 ہزار 245 ہے۔برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 19 ہزار 506 ہو گئی ہے جبکہ جرمنی میں مزید ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 767 ہو گئی ہے۔ایران میں 5 ہزار 574 جبکہ ترکی میں 2 ہزار 600 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ برازیل میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 704 جبکہ بیلجیم میں 6 ہزار 679 ہو گئی ہے۔دنیا بھر میں عالمگیر وبا سے متاثرہ 8 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے،جہاں متاثرین کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، ملک میں وباء سے مرنیوالوں کی تعداد 780 تک جا پہنچی۔ وزارت صحت کے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے بتایا کہ ملک میں وبا سے مزید 62 اموات کے بعد یہ تعداد 780 تک جا پہنچی ہے۔بھارت کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی24447 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہا راشٹر میں متاثرہ افراد کی تعداد میں ایک دن میں 778 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں مزید 14 افراد کی ہلاکت کے بعد وبا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 283 ہو گئی ہے۔ ر یا ست گجرات میں 1 دن میں 217 نئے کیس سامنے آئے جبکہ گجرات میں مزید نو افراد کے ہلاک ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 112 ریکارڈ کی گئی۔ سعودی عرب میں وزا ر ت صحت نے کورونا وائرس کے مزید 1172 کیسوں کے اندراج کا اعلان کیا۔ اس طرح مملکت میں وبائی مرض سے متاثر ہونیوالے افراد کی مجموعی تعداد 15102 ہو گئی ہے۔ وزا ر ت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ متاثرین کی مجموعی تعداد میں 25فیصدسعودی شہری اور75فیصدغیر ملکی افراد ہیں۔متاثرین میں 93 مر یضو ں کی حالت تشویشناک ہے۔ ان کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔کورونا کے مزید 124 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ اس طرح مملکت میں اب تک اس وبائی مرض سے صحت یاب ہونیوالے افراد کی مجموعی تعداد 2049 ہو گئی ہے۔ اعلان میں بتایا گیا کہ مملکت میں کورونا کے سبب مزید 6 اموات واقع ہوئی ہیں۔ اس طرح اب تک وبائی مرض سے متاثر ہو کر فوت ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 127 تک پہنچ گئی ہے۔وزارت صحت کے ترجمان نے سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسی طرح انہوں نے ہدایت دی کہ یومیہ ذاتی جائزہ حاصل کرنے کیلئے "موعد" ایپلی کیشن کا استعمال کیا جائے۔دوسری طرف عالمی رہنما غریب ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور انھیں ویکسین کی فراہمی کیلئے اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں لیکن عالمی وبا کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ اور چین جہاں دنیا میں سب سے پہلے وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، دونوں ممالک نے خود کو کورونا کیخلاف اقوام متحدہ کی مشترکہ کاوشوں سے علیحدہ رکھا ہوا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ کووڈ 19 کی تیاری کیلئے دنیا بھر کے ممالک اور شراکت داروں کیساتھ ٹیمیں تشکیل دے رہا ہے۔دوسری جانب افریقی ممالک جہاں گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 43 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے وہ کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اور طبی سامان کے اعتبار سے دوسرے ممالک سے بہت پیچھے ہیں ا و ر 10 افریقی ملک تو ایسے ہیں جہاں ایک بھی وینٹی لیٹر موجود نہیں ہے۔ادھرامریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ تیز دھوپ کورونا وائرس کو تیزی سے ختم کرتی ہے، تاہم اس تحقیق پر ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مشیر ولیم برائن کا کہنا تھا کہ دھوپ میں موجود بالائے بنفشی شعاعوں کا کورونا وائرس پر زبردست اثر دیکھا گیا ہے، موسم گرما میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہو سکتی ہے، تاہم عالمی ادارہ صحت کی عہدیدار ڈاکٹر مارگریٹ ہیرس نے کہا ہے کہ اس نظریے کو ثابت کرنے کے شواہد ناکافی ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کہ ان کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کیلئے لوگوں کو جراثیم کش محلول کے انجکشن لگانے اور وائرس کے متاثرین کے علاج میں الٹرا وائلٹ شعاعوں کی مدد لینے کی تجاویز طنزیہ طور پر کہی گئی تھیں۔
دنیا کورونا

مزید :

صفحہ اول -