سندھ میں 287نئے کیسز رپورٹ، جبکہ 3اموات ہوئی ہیں: مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ صوبے بھر میں جان لیوا کورونا وائرس کے 287 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔اپنے ویڈیوپیغام میں مراد علی شاہ نے کہاکہ صوبے میں کورونا وائرس سے ہفتہ کو مزید 3 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4232 ہوگئی ہے جبکہ کورونا کے3352 مریض زیر علاج ہیں۔ کورونا کے 2599 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا کے 2146 مریض گھروں میں زیرعلاج ہیں، کورونا کے767مریض آئسولیشن سینٹرز اور439 اسپتالوں میں ہیں۔صوبے میں ہفتہ کو30مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جا چکے، کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 802 ہوگئی ہے۔کراچی میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع وسطی میں 32، ضلع شرقی میں 57، ضلع جنوبی میں 79، ضلع غربی میں 18، ملیر میں 5 اور کورنگی میں 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔صوبے کے حوالے سے کورونا کی تفصیلات بتاتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ میں کوروناکے 17، حیدرآباد میں 13، شکار پور میں 11، سکھر میں 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ گھروں میں رہیں، جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، اپناخیال رکھیں، آپ کی زندگی ہمیں بہت عزیز ہے۔مراد علی شاہ نے کہاکہ وہ ڈاکٹرز، پولیس، رینجرز اور ریونیو کے عملے کا شکرگزار ہیں کیونکہ یہ ادارے مریضوں اور عوام کی بہتری کے لیے کام کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ادارے یا افراد مریضوں اور عوام میں کام کررہے ہیں وہ اپنا خاص خیال رکھیں۔