پاکستان میں کورونا کے مریض 13 ہزار سے بڑھ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد کتنی ہوگئی؟ جانئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب مریضوں کی تعداد 13 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 474 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 13 ہزار 174 ہوگئی ہے۔ اتوار کے روز پاکستان میں کورونا کی وجہ سے 8 افراد جان کی بازی ہارے جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 272 ہوگئی۔ پاکستان میں اب تک 2 ہزار 936 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ایک دن کے دوران 6 ہزار 218 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے گئے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 365 ہوگئی ہے۔
صوبوں کی صورتحال
پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 378 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 615، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 864، بلوچستان میں 722، گلگت بلتستان میں 318، اسلام آباد میں 245 اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 59 رپورٹ ہوئی ہے۔
عالمی صورتحال
دنیا بھر میں کورونا کے اب تک 29 لاکھ 66 ہزار 489 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وبا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 5 ہزار 928 ہوگئی ہے۔ اب تک دنیا بھر میں 8 لاکھ 73 ہزار 857 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔
شرح اموات میں کمی
ورلڈ او میٹرز کے مطابق کورونا کی وجہ سے شرح اموات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ دنوں دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح 22 فیصد تک پہنچ گئی تھی جو بتدریج کم ہوتی ہوئی اتوار کے روز 19 فیصد پر آگئی ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ ممالک
دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہوا ہے جہاں مثبت کیسز کی تعداد 9 لاکھ 70 ہزار 757 ہوگئی ہے۔ سپین میں 2 لاکھ 26 ہزار 629، اٹلی میں ایک لاکھ 97 ہزار 675،فرانس میں ایک لاکھ 61 ہزار 488، جرمنی میں ایک لاکھ 57 ہزار 114 ، برطانیہ میں ایک لاکھ 52 ہزار 840، ترکی میں ایک لاکھ 10 ہزار 130 اور ایران میں کورونا وائرس کے 90 ہزار 481 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
سب سے زیادہ اموات کہاں ہوئیں؟
کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کے اعتبار سے امریکہ سرفہرست ہے لیکن اب تک 5 ایسے ممالک سامنے آئے ہیں جہاں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ امریکہ میں اب تک کورونا کی وجہ سے 54 ہزار 941، اٹلی میں 26 ہزار 644 ، سپین میں 23ہزار 190، فرانس میں 22 ہزار 856 اور برطانیہ میں کورونا کی وجہ سے 20 ہزار 732 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔