رات دیر تک فون استعمال کرنے اور ٹی وی دیکھنے کی وجہ سے ہماری آنکھوں میں کیا تبدیلی آرہی ہے؟ جان کر آپ کو بھی تشویش ہوگی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل فون کی لت نوجوان نسل کو کسی نشے کی طرح لگ چکی ہے جو دن رات فون پر جھکے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل میں آنکھوں کا ایک مسئلہ بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس مسئلے سے نجات کے لیے سرجری کی طرف جا رہے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون، کمپیوٹر اور ٹی وی کثرت سے دیکھنے کی وجہ سے لوگوں کی آنکھوں کے نیچے حلقے پڑنے اور جسم پھولنے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اسی تناسب سے لوگ آنکھوں کے نیچے بننے والے ان ’ایئربیگز‘ کو ختم کرانے کے لیے بلیفاروپلاسٹی کروا رہے ہیں۔
بلیفاروپلاسٹی ایسا طریقہ کار ہے جس میں سرجری کے ذریعے آنکھوں کے نیچے بننے والے ابھاروں کو ختم کیا جاتا ہے یا ان کی جگہ تبدیل کی جاتی ہے۔ اس پروسیجر پر 3ہزار سے 6ہزار پاﺅنڈ خرچ آتا ہے۔ پرفیکٹ آئی سے منسلک سرجن سبرینا شاہ ڈیسائی کا کہنا ہے کہ ”حالیہ ایک سال میں یہ پروسیجر کروانے والوں کی تعداد میں 30فیصد اضافہ ہوا ہے اور ان میں اکثریت نوجوان لڑکے لڑکیوں کی ہوتی ہے جن کو موبائل فون اور دیگر ایسی ڈیوائسز زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے یہ مسئلہ درپیش آتا ہے۔ روایتی طور پر 40سال سے زائد عمر میں جا کر آنکھوں کے نیچے ابھار بنتے تھے لیکن اب یہ نوجوان لڑکے لڑکیوں میں بھی بہت زیادہ دیکھے جا رہے ہیں۔“