کورونا صورتحال ، شعیب اختر کے بھارت سے ہمدردی کے پیغام پرمعروف بھارتی اداکارہ نے جواب دیدیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اور بھارت میں مسلسل پانچویں روز کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارت میں مزید تین لاکھ 52 ہزار 991 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 2812 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں ۔
بھارت میں کورونا وائرس کے باعث خراب ہوتی صورتحال پر پاکستانیوں کی جانب سے ہمدردی کا اظہار کیا جارہاہے اور اب شعیب اختر نے بھی اپنے مداحوں سے بھارت کی مددکرنے کی اپیل کی ہے ۔ شعیب اختر نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ اظہار ہمدرد ی کیا جس پر معروف اداکارہ ’ سوارا بھاسکر نے جواب دیتے ہوئے شکریہ ادا کر دیاہے ۔
بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو دکھائی دیتی ہیں ، انہوں نے شعیب اختر کے ویڈیو پیغام کو ٹویٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ ” آپ کے انسانیت کے ساتھ ہمدردی اور اور نرم الفاظ پر ہم شکریہ ادا کرتے ہیں، دل کی گہرائیوں سے آپ کی سوچ کی قدر کرتے ہیں“۔
شعیب اختر نے پیغام جاری کرتے ہوئے ساتھ پیغام لکھا کہ ” بھارت کورونا کے خلاف لڑ رہاہے ، بین الاقوامی تعاون کی بے حد ضرورت ہے ، صحت کا نظام بیٹھ رہاہے ، یہ وبائی مرض ہے اور ہم سب اس میں ساتھ ہیں ، ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیے ۔“