اے این پی کے زیر اہتمام گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج
پشاور(سٹی رپورٹر)پشاور بھر میں گیس کی ناروا لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جسکی قیادت اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور اور اے این پی کے صوبائی سینئر نائب صدر و چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی ضلع پشاور خوشدل خان ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔ مظاہرے میں کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی اور گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید نعرے بازی کی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینزر بھی اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔اس موقع پر اے این پی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں گیس لوڈشیڈنگ نے رمضان میں عوام کو رونے پر مجبور کر دیا ہے،گیس لوڈشیڈنگ سے امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو صوبائی حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو رمضان میں بھی عوام کو ریلیف فراہم نہ کر سکی۔
