پاک بھارت کشیدگی، ٹرمپ کا حیران کن بیان آگیا

پاک بھارت کشیدگی، ٹرمپ کا حیران کن بیان آگیا
پاک بھارت کشیدگی، ٹرمپ کا حیران کن بیان آگیا
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے   کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان  اپنے مسائل  خود حل کرلیں گے۔  

خبر ایجنسی روئٹرز کےمطابق صدر ٹرمپ، جو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے، نے مقبوضہ کشمیر کے متنازعہ سرحدی علاقے میں تاریخی تنازعے کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو جانتے ہیں، لیکن یہ بتانے سے گریز کیا کہ آیا وہ ان سے رابطہ کریں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں یہ تنازعہ ایک ہزار سال سے جاری ہے، "کشمیر کے بارڈر پر کشیدگی ایک ہزار سال سے بھی زیادہ، بلکہ ڈیڑھ ہزار سال پرانی ہے۔"

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے یہ بات معاملے کی سنگینی کو ظاہر کرنے کیلئے کی ہے، کیونکہ پاکستان اور انڈیا کو آزاد ہوئے ابھی 80 سال بھی نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا"وہ کسی نہ کسی طرح معاملہ طے کر لیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید تناؤ ہے، مگر ایسا ہمیشہ سے رہا ہے۔"

خیال رہے کہ منگل کے روزمقبوضہ کشمیر کے ایک سیاحتی مقام پر پیش آنے والے واقعے میں 26 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں پاکستانی عناصر ملوث تھے، تاہم پاکستان نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔

حالیہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید بگڑ چکے ہیں۔ بھارت نے پانی کی تقسیم سے متعلق سندھ طاس   معاہدہ معطل کر دیا ہے، جبکہ پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ تجارتی تعلقات بھی خطرے میں پڑ گئے ہیں۔

جمعے کے روز بھارتی سٹاک مارکیٹس میں شدید گراوٹ دیکھنے میں آئی، کیونکہ کشیدگی میں ممکنہ اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔