پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ ہونے کے بعد سیما حیدر کا ویڈیو بیان آگیا، بڑی اپیل کردی

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی خاتون سیما حیدرنے 2023 میں پاکستان چھوڑ کر اپنے بھارتی دوست سچن مینا سے شادی کی تھی۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس نے بھارت میں رہنے کی اجازت کے لیے وزیراعظم نریندر مودی اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی ہے۔ سیما نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ اب پاکستان کی نہیں بلکہ بھارت کی بہو ہے اور پاکستان واپس نہیں جانا چاہتی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پہلگام میں حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے اور ویزہ خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس صورتحال میں سیما کو ملک بدری کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔ ان کے وکیل اے پی سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سیما اب پاکستانی شہری نہیں رہیں کیونکہ انہوں نے بھارتی شہری سچن مینا سے شادی کی ہے اور ان کی شہریت اب ان کے شوہر سے منسلک ہو چکی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے تمام ویزے 27 اپریل سے منسوخ ہو جائیں گے اور موجودہ ویزہ رکھنے والوں کو اپنے ویزے کی معیاد ختم ہونے سے پہلے بھارت چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سیما حیدر نے 2023 میں کراچی سے بھارت کا سفر کیا تھا اور اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے علاقے میں سچن مینا کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔ فی الوقت دونوں گریٹر نوئیڈا میں مقیم ہیں۔