جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تواپنے سپہ سالار کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے: قومی یکجہتی کا نفرنس سے علماء کا خطاب

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی،اس موقع پرایڈیشنل کمشنر لاہورعبدالسلام عارف،ڈی آئی جی لاہو ر فیصل کامران،نمائندہ آر پی او شیخوپورہ محمد نازک فاروقی،ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قصور محمد مرتضیٰ ملک،ڈپٹی کمشنر ننکانہ راؤ تسلیم اختر،اے ڈی سی جی شیخوپورہ نعمان علی ڈوگر، اے سی سٹی لاہور بابر علی،ڈی پی او صاحبان،مفتی شاہد عبید،ڈاکٹر سرفراز اعوان، قاضی عبدالغفار قادری،علامہ محمد رشید ترابی،مفتی اسحاق ساقی،علامہ کاظم رضا نقوی،مولانا عبدالوہاب روپڑی،مولانا ڈاکٹر مختار احمد ندیم،مفتی شفیق اعوان،مولانا عبدالستار نیازی،پیر عثمان نوری،آغا شاہ حسین قضل باش، مولانا محمد علی نقشبندی،علامہ شکیل الرحمن ناصر،مفتی فتح محمد راشدی،مولانا عزیز الرحمن ثانی،مولانا ظفر اللہ شفیق،علامہ میر آصف اکبر قادری،مفتی عاشق حسین،مولانا احسان اللہ تبسم،قاری وسیم اللہ امین،مفتی محمد کریم خان،مولانا نعمان حامد،مولانا اسلم ندیم،علامہ عبدالمصطفیٰ چشتی،مفتی عبید اللہ قادری،قصور سے راناممتاز علی،سید محمد متقی جعفری،خالد سیف الرحمن،مولانا ارشاد احمد،شیخوپورہ سے حافظ محمد فاروق محمدی،قاضی محمد اعظم سیکو،ڈاکٹر فیاض الحسن جمیل،حاجی محمد طاہر جمیل،حافظ محمد عبداللہ،ننکانہ صاحب سے محمد کامران قادری،پروفیسر نعیم اختر،ملک باغ علی آزاد،ذیشان گل،سید غلام حسین وارثی،سید عبدالبصیر آزاد کے علاوہ ڈویژن،ڈسٹرکٹ و تحصیل امن کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔
کانفرنس سے سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے جو اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا اور لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا،پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں،علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے قومی یکجہتی،مذہبی ہم آہنگی اور ملکی وحدت کو پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کرنا من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے،وطن عزیز پاکستان میں قیام امن کیلئے علماء ومشائخ اور عوام پاکستان اپنا کلیدی کردار ادا کریں،آپ تمام علماء کرام منبر ومحراب کے وارث ہیں،آپ نے ہمیشہ پاکستان کی یکجہتی،وحدت واتحاد کیلئے عظیم کردار ادا کیا ہے، دہشت گردی وانتہاء پسندی کا خاتمہ،تشدد سے پاک معاشرہ،احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے،پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس میں فرقہ واریت،دہشت گردی اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے،ہم پیغام پاکستان کے پیغا م کو ہر گھر کی آواز بنا دیں گے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے،جس کو ہم سب مسترد کرتے ہیں،انڈین حکومت ہمیشہ اقلیتوں کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث رہتی ہے،بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑ کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے،ہم مودی کو اس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے،جب بھی ہمارا ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوتا ہے تو مودی حکومت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی،انڈیا نے اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ہم اپنے سپہ سالار کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے،ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اورخوشحالی کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالار پاکستان حافظ جنرل عاصم منیر کا کردارقابل تحسین ہے،پاکستانی قوم ملک کے دفاع و استحکام کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،افواج پاکستان و قومی سلامتی کے اداروں نے ملک کے تحفظ اور امن کیلئے اپنی لازوال اور بے مثال قربانیاں پیش کرکے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے،ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں گے،بھارت کے حوالے سے حکومت پاکستان نے قومی سلامتی کے اجلاس میں جوفیصلے کیے ہیں وہ پوری قوم کی آواز ہے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست، پاکستانی عوام اور اُمت مسلمہ اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،ظالم اسرائیل فلسطین و غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے،تمام اسلامی ممالک غزہ و فلسطین پر اسرائیلی حملے اور جارحیت رکوانے کیلئے فیصلہ کن مؤثر کردار ادا کریں،آج ہمیں پُر امن احتجاج کرنا ہے جو کہ ہمارا حق ہے ملک کے املاک کو نقصان پہنچانا دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں،وہ شب و روز پنجاب کی ترقی و خدمت میں پیش پیش ہیں جس میں صاف ستھرا پنجاب،خواتین کے حقوق،پنجاب تعمیر و تعلیم،صحت کی بہترین سہولتیں،مذہبی ہم آہنگی اورامن کے قیام میں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے قومی یکجہتی کانفرنس کو کامیاب کروانے میں ہمارا ساتھ دیا.
آخر میں ایڈیشنل کمشنر لاہورعبدالسلام عارف،ڈی آئی جی لاہو ر فیصل کامران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان اور تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام،امن کمیٹیوں کے عمائدین اور شرکاء کا لاہور ڈویژن میں قومی یکجہتی کانفرنس میں تشریف آوری پر شکریہ اداکرتے ہیں۔
آخر میں ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔