عیدالاضحی کی وجہ سے قومی گیمز کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ

عیدالاضحی کی وجہ سے قومی گیمز کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ

 لاہور (سپورٹس ڈیسک) عیدالاضحی کی وجہ سے قومی گیمز 16 سے22 اکتوبر تک منعقد ہوں گے پہلے ان کھیلوں کو 21 سے27 اکتوبر تک کرایا جانا تھا قومی گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے ایک انٹرویو میں کہاکہ نئی تاریخ کی حتمی منظوری کے لئے اتوار کو لاہور میں پاکستان اولمپک کمیشن کا اجلاس ہوگا .جس میں قومی گیمز کے انتظامات اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا اجلاس کی صدارت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر سید عاقل شاہ کریں گے اجلاس میں مردوں اور خواتین کے ایونٹس کو حتمی شکل دی جائے گی اور کھلاڑیوں کی تعداد کا بھی تعین کیا جائے گا اجلاس میں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے علاوہ کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز کے ایک ایک نمائندے کو بھی مدعو کیا گیا ہے ان کھیلوں کے لئے پنجاب حکومت نے میزبان اولمپک ایسوسی ایشن کو تاحال گرانٹ جاری نہیں کی ہے آرگنائزنگ سیکرٹری نے بتایا کہ قومی کھیلوں کی میزبانی کا دائرہ پہلی مرتبہ صرف ایک شہر تک محدود رکھنے کے بجائے دیگر شہروں تک پھیلایا جا سکتا ہے اگر پاکستان اولمپک کمیشن نے اجازت دی تو گوجرانوالہ میں مقابلے ہوں گے دوسری صورت میں لاہور کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد میں ایونٹ کرائے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ کھیلوں کے حوالے سے مالی مشکلات کا سامنا ہے اگر پنجاب حکومت نے گرانٹ جاری کردی تو مالی معاملات پر قابو پا لیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ اب تک مردوں کے لئے26 اور خواتین کے لئے10 کھیلوں کے مقابلے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ قومی گیمز کے دوران کھلاڑیوں کی سیکورٹی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے

مزید : کھیل اور کھلاڑی