پاکستان کو وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے باﺅلرز دینا چاہتا ہوں،محمد اکرم

پاکستان کو وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے باﺅلرز دینا چاہتا ہوں،محمد اکرم

لندن (نیٹ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے باﺅلنگ کوچ محمد اکرم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے باﺅلنگ کوچ کی ذمہ داری چیلنج سمجھ کر قبول کی ہے ‘ پاکستان کو وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے فاسٹ باﺅلرز دینا چاہتا ہوں ۔ایک انٹرویو میں محمد اکرم نے کہا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی کے بعد ٹیم کی کوچنگ کسی اعزاز سے کم نہیں ‘بورڈ نے جس اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اچھے فاسٹ باﺅلرز کی کمی نہیں بلکہ بھرمار ہے جنہیں نکھارنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی باﺅلنگ لائن کو ماضی کی خطرح خطرناک بنانا چاہتا ہوں ‘وسیم اور وقار یونس کے پائے کے باﺅلرز تیار کرنا میرا اصل ہدف ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وسیم اکرم اور وقار یونس ماضی میں وکٹیں لیتے تھے اس طرح نئے باﺅلرز کو میدان میں وکٹیں لیتا دیکھنا چاہتا ہوں‘اس مقصد کیلئے پوری تمام تر توانائیاں صرف کرونگا ۔محمد اکرم نے کہا کہ دس سال پہلے پاکستان کی فاسٹ بولنگ جس مقام پر تھی ،وہ اسی اعلی درجے پر نوجوان فاسٹ بولرز کو بھی لے جانا چاہتے ہیں ،دیگر ممالک کی نسبت پاکستان خوش قسمت ملک ہے کہ یہاں پر کرکٹ سب سے مقبول کھیل ہے جس کی وجہ سے فاسٹ بولرز کی تعداد بہت ہے صرف انہیں پالش کرنے کی ضرورت ہے۔محمد اکرم نے کہا کہ ویزہ ملنے کے بعد ایک دو روز میں متحدہ عرب امارات سے روانہ ہوجاﺅنگا اور ٹیم کی کوچنگ شروع کردونگا ۔محمد اکرم نے کہا کہ ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور سے میرا کوئی خاص تعلق نہیں رہا لیکن ان کے ساتھ جلد ہم آہنگی ہوجائے گی اور ہم مل کر ٹیم کی فتوحات میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی