پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کے مینجر نے ناقص کارکردگی پر قوم سے معافی مانگ لی
ٹاونز ویل (نیٹ نیوز) پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کے منیجر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ جونیئر ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر قوم سے معافی مانگتا ہوں، پاکستان ٹیم ایونٹ کی فیورٹ تھی لیکن توقعات پوری نہ کرسکی، ٹیم کی طرف سے معذرت خواہ ہوں کوارٹر فائنل میں بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑی سکتے کی کیفیت میں تھے اور اب تک اس کے اثر سے باہر نہیں آسکے، اس ٹیم میں جو صلاحیت تھی اس نے وہ کارکردگی نہیں دکھائی،۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کے دورے، جونیئر ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے گروپ میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائی، تاہم ایک میچ کی خراب کاکردگی نے کھلاڑیوں کو بہت پیچھے کردیا۔ ٹیم انتظامیہ کوشش کرتی رہی کہ کھلاڑیوں کے پست حوصلوں کو بلند کیا جائے، تاہم کھلاڑی اس قدر گر گئے کہ انہیں اٹھانا مشکل ہوگیا ہے۔ ہارون رشید پاکستان ٹیم کے کوچ اور منیجر رہ چکے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے چار سے پانچ کھلاڑی پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ان میں احسان عادل، سمیع اسلم، ضیا الحق، بابر اعظم اور فراز علی شامل ہیں امام الحق کی عمر17سال ہے، وہ اگلا ورلڈ کپ بھی کھیل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے ٹیم انتظامیہ نے ان کھلاڑیوں پر بہت محنت کی ہے اور پیسہ لگایا ہے، اسے ضائع ہونے سے بچانے کیلئے انہیں اپنے ریجن اور ڈپارٹمنٹس کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن کھیلنا ہوگا۔