سلمان خان کو ایک ارب روپے کی آفر

سلمان خان کو ایک ارب روپے کی آفر

ممبئی (آئی این پی) سلمان خان کو ایک فلم میں کام کرنے کےلئے ایک ارب روپے کی آفر ہوئی ہے۔ یہ وہی رقم ہے جو ان کی حالیہ فلم ”ایک تھا ٹائیگر“ نے صرف پانچ دنوں میں کما کر نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ آسان الفاظ میں کہیں تو سلمان خان کا ایک فلم میں کام کرنے کا معاوضہ پوری فلم کی مجموعی آمدنی کے برابر ہونے جا رہا ہے۔ بھارت کی معروف ترین فلم میوزک کمپنی ”ٹپس“ کے سربراہ فلمساز رمیش تورانی نے سلمان کو اپنے ہاﺅس پروڈکشن کی اگلی فلم کےلئے 100 کروڑ یعنی ایک ارب روپے کی آفر کی ہے۔ اتنی بڑی آفر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ” ایک تھا ٹائیگر“ کی کامیابی کے بعد سلو میاں کو سائن کرنے والے پروڈیوسرز کی لائنیں لگی ہوئی ہیں جبکہ رمیش تورانی کسی بھی قیمت پر سلمان کو سائن کرنے کے لئے تیار ہیں لہٰذا پہلی ہی فرصت میں انہوں نے ایک ارب روپے کی آفر کر کے دوسرے پروڈیوسرز کی آفرز بے رنگ بنا دی ہیں۔ خبروں کے مطابق اگر ڈیل ہو جاتی ہے تو یہ بالی ووڈ کی اب تک کی سب سے مہنگی ڈیل ہو گی۔

مزید : کلچر