امریکی تاجربرادری ڈرون حملے رکوانے میں مددکرے: لاہورچیمبر

امریکی تاجربرادری ڈرون حملے رکوانے میں مددکرے: لاہورچیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان میں ڈرون حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی بزنس کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ یہ حملے رکوانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ یو ایس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کے نام اپنے ایک خط کے ذریعے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ نے امریکہ کی تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈرون حملے رکوانے کے لیے امریکی حکام پر دباﺅ ڈالے کیونکہ یہ حملے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلسل امریکی ڈرون حملے پاکستانی قوم کے دلوں میں امریکہ کے خلاف نفرت کے جذبات ابھار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل ڈرون حملوں کی وجہ سے پاکستان کے متعلق غیرمحفوظ ملک کا تاثر ابھر رہا ہے جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری پر بھی بہت منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور اربوں ڈالر کی سیاحت کی صنعت بھی تباہ ہورہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ 2004ءسے اب تک تین سو سے زائد ڈرون حملوں میں تین ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ پاکستان کے احتجاج کے باوجود گذشتہ ہفتے سے مسلسل ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک اور برطانیہ کے اراکین پارلیمنٹ نے بھی پاکستان میں ڈرون حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے لہذا امریکی انتظامیہ عالمی برادری کی آواز پر توجہ دے اور ڈرون حملے روک کر پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرے۔

مزید : کامرس