پنجاب یو تھ فیسٹول آج شروع ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام پنجاب یوتھ فیسٹیول آج شروع ہوگا جس میں پانچ لاکھ سے زائد افراد مقامی سطح پر اور یونین کونسل کی سطح پر منعقد ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب یوتھ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے کانفرنس میںبتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہمارے ایونٹ کی آفیشل پارٹنر ہوگی اور وہ اکتوبر کے وسط میں پاکستان پہنچے گی اور فیسٹیول کے دوران منعقد ہونے والے مختلف ایونٹس کی مانیٹرنگ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول مجموعی طور پر 6مرحلوں پر مشتمل ہے ۔ پہلا مرحلہ26اگست سے شروع ہوگا اور6ستمبر کو ختم ہوگا ۔ پہلے مرحلہ میں ہمسایوں اور گاﺅں کی سطح پر مقابلوںکا آغاز ہوگا جس میں مجموعی طور پر 9ایونٹس میں مقابلہ ہوگا ۔جنرل مقابلوں میں قرات اور نعت خوانی کے مقابلے ہونگے جبکہ کھیلوں میں آرم ریسلنگ، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، بلیئرڈ، کرکٹ ٹیپ بال، ٹگ آف وار اور والی بال شامل ہیں۔انہوں نے کہا ہمسایوں اور گاﺅں سطح پر کوئی بھی ٹیم ایونٹس یا انفرادی مقابلوں میں حصہ لینے کا اہل ہوگا،ہمسائے اور گاﺅں کی سطح منعقد ہونے والے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی مانیٹرنگ کیلئے سلیکشن کمیٹی تعینات کی جائے گی جوان کھلاڑیوں کی سپورٹس اینڈ یوتھ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرے گی اور انہیںیونین کونسل کی سطح پر مقابلوں میں شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گالیکن مقابلوں میں کوئی بھی پروفیشنل کھلاڑی حصہ لینے کا مجاز نہ ہوگا انہیں فسیٹیول کے دوران صوبائی سطح پر انٹر ڈیپارٹمنٹل مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔