ہمیں تہواروں کے موقع پر غربا کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے:وقار احمد میاں

ہمیں تہواروں کے موقع پر غربا کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے:وقار احمد ...

لاہور (وقائع نگار ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے پنجاب ٹریڈرز کوآرڈینیشن کے چیئرمین اور انجمن بہبودِ مریضاں کے وقار احمد میاں نے کہا ہے کہ اپنے تہواروں کے موقع پر خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اُن نادار بہن بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جو غربت کی وجہ سے بدترین مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے یہ باتیں میو ہسپتال اورلیڈی ولنگڈن ہسپتال کے مریضوں اور ملازمین میں تحائف تقسیم کرنے کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ میڈیکل سوشل آفیسرز کرن اصغر علی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آس پاس بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے لیے ایک وقت کے کھانے کا حصول بھی بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار لوگ غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے عید کی خوشیاں نہیں منا سکتے لہذا یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اُن کی ضروریات کا خیال رکھیں اور انہیں بھی تہواروں کی خوشیاں منانے کا موقع فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ لوگ حکومت کو زکوة و صدقات دینے سے گریزاں ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے ان کا شفاف استعمال نہیں کیا جاتا لہذا حکومت کو اپنے معاملات درست کرنے چاہئیں تاکہ لوگ اُس پر اعتماد کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کی جانب خاص توجہ دے اور قومی خزانہ عیش و عشرت پر خرچ کرنے کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1