ریسکیو 1122نے ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے خصوصی ایکشن پلان تیارکرلیا

ریسکیو 1122نے ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے خصوصی ایکشن پلان تیارکرلیا

لاہور(کر ا ئم ر پو ر ٹر)پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی (ریسکیو1122)میں 36 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کا اجلاس ہواجس میں وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈینگی سے بچاﺅ کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی۔ ریسکیو سروس کی کارکردگی اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے انتظامات کابھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کے تمام ریسکیو اسٹیشنزاور ایمر جنسی ریسکیو وہیکلز کی صفائی کو یقینی بنائیں اور ڈینگی مچھرکی افزائش کو روکنے کی ہر ممکن کو شش کریں۔انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کوخصوصی ہدایت کی کہ ڈینگی کے لاروے کی افزائش نسل کے مقامات کی نشاندہی کی جائے تاکہ ریسکیو اسٹیشن اور ان کے گردونواح میں ڈینگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے اس سلسلہ میں بتایاکہ تمام اضلاع میں دیگر اداروں کے تعاون کے ساتھ ڈینگی کی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں ریسکیو سروس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے تمام اضلاع میں سروس کے معیار کوبرقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ضلعی افسران پر زور دیا گیا کہ ریسکیو اسٹیشنز پر سٹاف کو ایمرجنسی ڈرل اور جسمانی طور پر مضبوط رکھنے کے لیے کھیل کی سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1