ٹی اے ڈی اے اور دیگر مطالبات کے حق میں ریلوے ملازمین کی ہڑتال

ٹی اے ڈی اے اور دیگر مطالبات کے حق میں ریلوے ملازمین کی ہڑتال

لاہور(سٹاف رپورٹر) ریلوے ملازمین کو ٹی اے ڈی کی عدم ادائیگی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ریل مزدور اتحاد کے زیراہتمام ہڑتال کی گئی اور ریلوے ملازمین نے کئی گھنٹے تک ٹرینوں کے انجنوں کوروکے رکھا تاہم اعلی افسران کی مداخلت پر عارضی طور پر ہڑتال ختم کردی گئی ہڑتالی ملازمین نے ہاتھوں میں کتبے ،پلے کارڈزاور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرریلوے انتظامیہ اور وفاقی حکومت کے خلاف سخت نعرے درج تھے ۔تفصیلات کے مطابق ریل مزدور اتحاد کے زیراہتمام گزشتہ روز انجن شیڈ میں احتجاجی مظاہر ہ اور ہڑتال کی گئی اس دور ان ریلوے ملازمین نے عوام ایکسپریس اور جعفرایکسپریس کا انجن روک لیا اور ریلوے اسٹیشن کی طرف آنے نہیں دیا ۔ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ریل مزدور اتحاد کے رہنما عنایت گجر نے کہا کہ ملازمین کو گزشتہ چھ ماہ سے ٹی اے ڈی کی مد میں رقم ادا نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے ملازمین کو شدیدمالی مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ریلوے انتظامیہ ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیں اگر یہ پیمانہ لبریز ہوگیا تو کوئی ٹرین نہیں چلے گی۔وزیراعظم اس بات کا نوٹس لیں اور ہمارے مطالبات پورے کرنے کے احکامات دیں۔ورنہ ملازمین ریلوے ٹریک اور سڑکوں پر ہونگے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1