دہشتگردی بے روزگاری کا خاتمہ تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے ،مجتبیٰ شجاع

دہشتگردی بے روزگاری کا خاتمہ تعلیم کے فروغ سے ہی ممکن ہے ،مجتبیٰ شجاع

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم کو فروغ دے کر دہشت گردی و بے روزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جبکہ نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے نجی تعلیمی اداروں کو تعاون اور ہر ممکن گرانٹ فراہم کرتی رہے گی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت طلبہ کو جدید تعلیم دینے کیلئے صوبہ پنجاب میں نصاب اتھارٹی قائم کررہی ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے الائیڈ سکول سسٹم کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءمیں انعامات ومیڈل تقسیم کئے۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے اِس سال40 لاکھ طلباءو طالبات کو وظائف دئیے جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سستی کتابیں شائع کرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ طلباءکو نصابی کتب کے علاوہ دیگر موضوعات پر کتابیں رعایتی نرخوں پر مہیا کی جائیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن میں خواتین کا تناسب بڑھانے کیلئے بہاولپور، ملتان،سیالکوٹ اور فیصل آباد میں نئی وویمن یونیورسٹیاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کی میٹرک تک کی طالبات کیلئے ایک ارب روپے کے تعلیمی وظائف تقسیم کررہی ہے ۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے غربت وسماجی پسماندگی کی بناءپر حصولِ تعلیم سے محروم گیارہ لاکھ بچوں پر تعلیم کے دروازے کھولے ہیں اور سکول ایجوکیشن کی ترقی پر مجموعی طو رپر46ارب روپے خرچ کرے گی جس سے نظام تعلیم میں نمایاں بہتری آئے گی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے غریب بچوں کو مفت تعلیم مہیا کرنے کیلئے10 ارب روپے مہیا کئے ہیں اور36اضلاع میں15لاکھ مستحق طالب علموں کو مفت تعلیم مہیا کی جائے گی تاکہ ناخواندگی کا خاتمہ ہو۔

مزید : میٹروپولیٹن 1