انسداد ڈینگی مہم،سیکرٹریز سمیت تمام محکموں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ

انسداد ڈینگی مہم،سیکرٹریز سمیت تمام محکموں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ

لاہور(جنرل رپورٹر) ضلعی حکومت کے تمام محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔آج اتوار کے روز ضلعی حکومت لاہور کے تمام محکمے ایل ڈی اے،واسا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،ماحولیات،تعلیم وغیرہ کھلے رہیں گے۔تعلیمی اداروں میں بھی تمام عملہ اور اساتذہ موجود رہیں گے۔چھٹیاں ڈینگی کے لاہور پر ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر منسوخ کی گئی ہیں۔ ڈینگی کے موسم میں تا حکم ثانی تمام محکموں کے دفاتر ہر اتوار کو کھلے رہیں گے۔کوئی افسر یا ملازم اتوار کو چھٹی کرسکے گا نہ عام دنوں میں۔بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے ضلعی حکومت کے تمام محکموں کی آج اتوار سمیت آئندہ ایام کیلئے چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔کمشنر لاہور،ڈی سی او لاہور،ایم ڈی واسا،ڈی جی ایل ڈی اے، سیکرٹری ماحولیات،محکمہ تعلیم، تمام تعلیمی اداروں سمیت ہر ترقیاتی محکمہ کے سربراہ اور ماتحت آج ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور ڈینگی کی روم تھام اور ڈینگی لاروے کو تلاش کرکے مارنے کے اقدامات کریں گے۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تمام دفاتر میں بھی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ضلعی حکومت کے مراکز صحت خصوصاً ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھی انتظامیہ موجود رہے گی اور ہسپتالوں میں صفائی اور ایسی جگہیں جہاں ڈینگی کے لاورے کی موجودگی کا خدشہ ہوگا وہاں صفائی کیلئے سپرے کرائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1