ڈینگی کیخلاف مہم میں عوام کا بھرپور تعاون خوش آئندہے: خورشید علی
لاہور( جنرل رپورٹر)والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او خورشید علی نے کہا ہے کہ ڈینگی مچھر کیخلاف جاری مہم میں شہریوں کا بھرپور تعاون خوش آئند ہے۔ ڈینگی بخار کی وبا ایک قدرتی آفت ہے، عوام ڈرنے یا پریشان ہونے کی بجائے مستقل مزاجی اور حکمت سے اس کا مقابلہ کریں۔ عید سعید کے دنوں میں صفائی کے مثالی انتظامات پر والٹن کینٹ کے سینٹری انسپکٹر، سپروائزر اور اہلکار شاباش کے مستحق ہیں، صفائی ستھرائی سے متعدد وبائی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔ والٹن کینٹ کی کسی آبادی کی کوئی گلی سپرے اور صفائی سے محروم نہیں رہے گی۔ والٹن کینٹ کی حدود میں واقع تعلیمی اداروں اور قبرستانوں میں خصوصی طور پر ڈینگی سپرے کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ڈینگی سپرے پر مامور اہلکاروں کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی سی ای او عامر رشید چوہدری، چیف سینٹری انسپکٹر سیّد فیاض شبیر شاہ، وارڈ نمبر5 کے سینٹری انسپکٹر سلیم رضا اور سپروائزرانوکی یافت نے بھی خطاب کیا۔