نوازشریف کی صدارت میں پارٹی کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس

نوازشریف کی صدارت میں پارٹی کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں نوازشریف کی صدارت میں پارٹی کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت پارٹی امور بارے تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کی سعودی عرب سے وطن واپسی پر انکی رہائشگاہ جاتی عمرہ رائیونڈ میں ایک غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف‘ قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان‘ سینیٹر پرویز رشید‘ احسن اقبال سمیت دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور چودھری نثار علی خان نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے حالیہ ٹیلیفونک رابطوں بارے آگاہ کیا جبکہ نواز شریف نے بھی صدر زرداری کے عید الفطر پر ٹیلیفونک رابطے پر رہنماﺅں کو اعتماد میں لیا ۔ اجلاس میںسپریم کورٹ میں زیر سماعت اہم مقدمات ‘آئندہ عام انتخابات ‘ نگران حکومت اور خصوصاً جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے (ن) لیگ کی مشاورت کے بغیر کمیشن کے قیام پر گفتگو کی گئی اور مشاورت نہ کئے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں کہا گیا کہ صرف پنجاب کی تقسیم نہیں بلکہ ملک میں جہاں کہیں بھی صوبے کی ضرورت ہے اس کے لئے متفقہ قومی کمیشن بنایا جائے ۔

مزید : صفحہ اول