صرف غیر رجسٹرڈ اور چوری کے شناختی کارڈ پر جاری ہونیوالی سموں کو بند کیا جائیگا:رحمن ملک

صرف غیر رجسٹرڈ اور چوری کے شناختی کارڈ پر جاری ہونیوالی سموں کو بند کیا ...

لاہور(نمائندہ خصوصی،سٹاف رپورٹر(وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پری پیڈ سموں کو بندنہیںکیا جارہا ہے بلکہ غےر رجسٹرڈ شدہ اور چوری کے شناختی کارڈ پر جاری ہونیوالی سموں کو بند کیا جائےگا ، مسافروںکو بسوں سے اتارکر مارنےوالوں کے قریب پہنچ گئے ہیں‘ ڈرون حملوں میں بدرالدین حقانی کے مارے جانے کی کوئی اطلاع نہیں،پاکستان میں شیعہ سنی کی کوئی لڑائی نہیں بلکہ تیسرا ہاتھ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ،15ستمبر سے پاسپورٹ کی معیاد 5سے بڑھا کر 10سال کر دی جائے گی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام کےلئے بڑے ائیر پورٹس پر خصوصی کاﺅنٹرز بنائے جائینگے‘ آئی بی ایم ایس سسٹم سے بیرون ممالک جانے اور آنےوالے افراد کا ڈیٹا اکٹھا ہو سکے گا اور تمام قانون نافذ کر نے والے اداروں کو اس تک رسائی دینگے ،اس نظام سے ٹیکس اکٹھا کر نےکا دائر ہ کار بھی وسیع کر نے اور دہشتگردی کا نیٹ ورک توڑنے میں مدد ملے گی ‘ موبائل سم کی تصدیق کے لئے نئی پالیسی لائینگے اور اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائےگی‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ائیر پورٹ پر آئی بی ایم ایس سسٹم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رحمان ملک نے بتایا کہ نئے نظام سے بیرون جانے اور آنے والوں کاڈیٹا نادراور آئی بی ایم ایس کے درمیان شیئر کیا جا سکے گا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اس تک رسائی دیں گے ۔ اس نظام کے تحت انسانی سمگلنگ کی بھی روک تھام ہو سکے گی ۔ سکیورٹی اور امیگریشن کیلئے نادرا کے الگ کاﺅنٹر بنا ئیں گے۔ نادرا ٹیم نے اپنا امیگریشن سسٹم بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ، اس سے ٹیکس اکٹھا کرنے کا دائرہ بھی وسیع ہوگا جبکہ اس سے دہشتگردی کا نیٹ ورک توڑنے میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہاپاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں منجھے ہوئے لوگ موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بیرون ملک کمپنیاں ہمارے نوجوانوں کو بلاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حفاظتی پالیسی تھی اب آگے بڑھ کر دہشتگردوں کو روک رہے ہیں ‘ عوام کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بم دھماکوں میں موبائل کا بڑا کردار ہے ‘ بہت سے دھماکوں میں ڈیوائس میں سیلولر فون کو استعمال کیا گیا ہے۔ یہ قطعا ً غلط ہے کہ پری پیڈ سموں کو بند کیا جارہا ہے بلکہ صرف ان پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے جنہوں نے چوری کے شناختی کارڈ اور بغیر کسی ریکارڈ کے سمیں حاصل کر رکھی ہیں ۔عوام ہمارے ساتھ تعاون کریں اور اس کے لئے اگلے ہفتے اجلاس بلایا گیا ہے اور اس حوالے سے واضح پالیسی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جس رات کراچی میں موبائل سروس بند کی گئی وہاں پر ایک بھی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی اور نہ ہی بھتہ مانگا گیا ۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ 15ستمبر سے پاسپورٹ کی میعاد پانچ سال سے بڑھا کر 10سال کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات تھیں کہ پاسپورٹ میں 100ڈالر رکھ کر دئیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے تھری جی لائسنس کے حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کمیٹی بنا دی ہے کہ اسے کیسے لیکر آگے جانا ہے ۔ موبائل سم کی تصدیق کے لئے نئی پالیسی لائینگے اور اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت لی جائےگی‘ سرمایہ دار ہرگز پریشان نہ ہوں ۔ انہوں نے ڈرون حملے میں بدرالدین حقانی کی ہلاکت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ڈرون کوئی اور مارتا ہے‘ انٹیلی جنس شیئرنگ کوئی اور کرتا ہے مرنے والے کا تعلق افغانستان سے ہے میر ے پاس اسکی کوئی اطلاع نہیں ۔ ‘ پاکستان کو مشرقی پاکستان کی شکل میں ایک دھچکا لگ چکا ہے اس لئے ہم نے آغاز بلوچستان پیکج دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سینیٹ میں مختلف ممالک کی مداخلت کے ثبوت دئیے اور نام بتائے جسکے بعد یہ کارروائیاں رک گئی ہیں ‘ سیاسی جماعتوں کو بھی سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالا تر کو ملک و قوم کے لئے متحد ہونا ہوگا ۔علاوہ ازیں راجہ پرویز اشرف نے پری پیڈ موبائل کی سموں پر پابندی کو ناقابل عمل قرار دیتے وہئے ہدایت کی ہے کہ عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے موبائل فون کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سکیورٹی صوترحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید : صفحہ اول