نواز شریف سے ذوالفقار کھوسہ کی ملاقات ،تحفظات سے آگاہ کیا،قیادت پر اعتماد کا اظہار

نواز شریف سے ذوالفقار کھوسہ کی ملاقات ،تحفظات سے آگاہ کیا،قیادت پر اعتماد کا ...

لاہور (جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ناراض بزرگ رہنما سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کو منا نے مےں کامےاب ہو گئی‘ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے ان کی رہائشگاہ جاتی عمرہ رائیونڈ میں ملاقات کی اپنے اور اپنے صاحبزادے دوست محمد کھوسہ کے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر قیادت نے انہیں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ ذوالفقار کھوسہ سینئر مشیر کاعہدہ بھی سنبھال لیں گے جبکہ دوست محمد کھوسہ کی (ن) لیگ ڈیرہ غازی خان کے صدر کے عہدے سے استعفے کے بارے میں ان کی بیرون ملک سے وطن واپسی پر مشاورت کی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور اور رکن قومی اسمبلی رانا تنویر کے ہمراہ ہفتہ کو جاتی عمرہ رائیونڈ پہنچے جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ‘ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے قیادت کو اپنی ناراضگی کی وجوہات سے تفصیلی آگاہ کیا جس پر قیادت نے ان کی مسلم لیگ (ن) کےلئے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ ذوالفقار کھوسہ نے اس موقع پر اپنے صاحبزادے کیساتھ پنجاب حکومت کے رویے اور بیورو کریسی کی طرف سے ان کے احکامات نہ ماننے کا بھی شکوہ کیا جس پر انہیں کہا گیا کہ آپ کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے ذوالفقار محمد کھوسہ کا سینئر مشیر کے عہدے سے استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا جسکے بعد وہ یہ عہدہ بھی دوبارہ سنبھال لیں گے۔ ملاقات کے بعد سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ میڈیا سے بات کئے بغیر واپس چلے گئے۔

 

مزید : صفحہ اول