وزیراعظم کی سپریم کورٹ طلبی صدرزرداری نے حکومتی اتحادیوں کا مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا

وزیراعظم کی سپریم کورٹ طلبی صدرزرداری نے حکومتی اتحادیوں کا مشاورتی اجلاس ...

 اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کی سپریم کورٹ میں طلبی کے معاملے پر صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے حکومتی اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس (آج ) اتوار کو طلب کرلیا ۔ ہفتہ کو ذرائع کے مطابق ایوان صدر کی طرف سے ایم کیوایم، اے این پی، فاٹا پارلیمنٹرینز سمیت دیگر حکومتی اتحادی جماعتوں کے قائدین کو (آج ) شام اسلام آباد میں ملاقات کیلئے بلا لیا گیا ہے، اتحادیوں سے اس مشاورتی ملاقات میں صدر آصف زرداری کے ساتھ وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی کے بعض سینئر قائدین اور وفاقی وزیر قانون بھی شریک ہوں گے، وزیراعظم کی 27 اگست کو این آر او عملدرآمد کیس میں توہین عدالت نوٹس پر سپریم کورٹ میں طلبی کے ایشو پر گزشتہ شب بھی ایوان صدر میں پیپلز پارٹی قیادت کا اجلاس ہوا تھا، اس میں زیر غورآنے والے آپشنز اور حکومتی حکمت عملی کے حوالے سے ، اتوار کی شام ہونے والے اتحادیوں کے اجلاس میں غور کیا جائے گا، اس اجلاس میں دیگر حکومتی امور، طوفانی بارشوں سے پیدا سیلاب کی صورت حال اور دیگر معاملات بھی اس اجلاس میں زیر غور آسکتے ہیں۔

مزید : صفحہ اول