کراچی، پرتشدد کارروائیاں جاری، مزید 6 افراد قتل

کراچی، پرتشدد کارروائیاں جاری، مزید 6 افراد قتل

کراچی(ثناءنیوز )شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مزید 6 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ دوسری جانب پولیس نے دو مبینہ ٹارگٹ کلر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے دعووں کے باوجود کراچی میں بدامنی پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ رات گئے گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان فرخ ریحان جان سے گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ ڈیفنس فیز ٹو میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے دفتر میں سیکیورٹی گارڈ نے معمولی تنازع پر چھری کے وار کرکے ساتھی چوکیدار رمضان کو قتل اور دو ساتھیوں کو زخمی کردیا۔ پولیس نے ملزم بابر کو گرفتار کرلیا۔ملزم کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ بابر نے صرف شناختی کارڈ نہ ملنے پر انتہائی قدم اٹھایا۔ اس سے پہلے لانڈھی کے علاقے محمد نگر میں فائرنگ سے ایک خاتون سعیدہ بی بی زخمی ہوگئی۔ دوسری جانب اسپیشل انوسٹی گیشن پولیس ایسٹ زون نے پہلوان گوٹھ میں چھاپہ مارا اور مقابلے کے بعد دو مبینہ ٹارگٹ کلرز عاطف اور عدنان عرف عادل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے گلستان جوہر ، شاہراہ فیصل ، اور ایسٹ زون میں حساس ادارے کے اہل کار سمیت بارہ افراد کو قتل کیا اور وہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں۔

مزید : صفحہ آخر