امن پسند پاکستان دہشت گردی کیخلاف جہاد کررہا ہے، صمصام بخاری

امن پسند پاکستان دہشت گردی کیخلاف جہاد کررہا ہے، صمصام بخاری

لاہور(فلم رپورٹر)ریڈیو پاکستان کے انگریزی چینلplanet FM 94 کی افتتاحی تقریب لاہور مرکز میں منعقد کی گئی جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات صمصام بخاری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں امریکن قونصلیٹ نینا ماریہ،ڈی جی ریڈیو پاکستان مر تضی سولنگی،کرکٹر عامر سہیل،سٹیشن ڈائریکٹر لاہور ساجد حسن درانی اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکاءاشرف کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صمصام بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج پرقرار رکھنے کے لئے یہ چینل اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ زیادہ تر غیر ملکی میڈیا پاکستان کی غلط تصویر پیش کرتا ہے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے ہم دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں اور اس کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ہم قائداعظمؒ، ذوالفقار علی بھٹو،اور بے نظیر بھٹو کا پاکستان چاہتے ہیں۔ا نہوں نے کہا ا نگلش چینل سے نہ صرف یوتھ کو بلکہ ہر طبقے کے افراد کو فائدہ پہنچے گا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ وزیر اعظم نے عدالت میں پیش ہونا ہے یا نہیں۔ڈرون حملے ناکام خارجہ پالیسی کا مظہر نہیں ہیں، ہم پہلے بھی ا حتجاج کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افراد آتے جاتے رہتے ہیں لیکن آئےن برقرار رہتا ہے یہ واضح ہے کہ وزیراعظم کو استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں کچھ طاقتوں کو آصف علی زرداری سے مسئلہ ہے صدر پاکستان سے نہیں۔ہم آئین کے مطابق چلیں گے اور کسی صورت صدر پاکستان کی تذلیل نہیں ہونے دیں گے۔چیئر مین پی سی بی ذکاءاشرف نے کہا کہا کہ انگریزی چینل کو پی سی بی کا مکمل تعاون جاری رہے گا۔نینا ماریہ نے کہا اس چینل کے ذریعے پاکستان کے لوگوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان سمجھنے میں مدد ملے گی۔عامر سہیل نے کہا کہ اس چینل کے ذریعے دنیا کو مثبت پیغام دیں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا انگریزی چینل کرکٹ بورڈ کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ اس کا قیام ریڈیو پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔جلد ہی کراچی میں بھی ایسا چینل بنائیںگے۔تقریب کے اختتام پر ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا، جس میں مختلف فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔

مزید : صفحہ آخر