بالائی علاقوں میں بارشیں شروع دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان

بالائی علاقوں میں بارشیں شروع دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان

لاہور (وقائع نگار)ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر ،اسلام آباد ،لاہور ، گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی، ہزارہ، مالا کنڈ اور پشاور ڈویژن میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں مزید بارشوں کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم کے خشک ،گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے جبکہ آئندہ 2 یوم میں موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے ہفتہ کے روز بتایا کہ مون سون بارشوں کے حالیہ سلسلہ میں سب سے زیادہ بارش مظفر آباد میں 282ملی میٹر ریکار ڈکی گئی جبکہ اسلام آباد 269، مری 209، ایبٹ آباد126، سیالکوٹ،120 بالا کوٹ 108، ساہیوال 88، مالم جبہ81، جہلم 80، منڈی بہاﺅالدین 62، پشاور 59، منگلا 58 پارچنار 54 اور راولا کوٹ میں 43ملی میٹر بارش ہوئی۔گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں پڑی جہاں پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ اسلام آباد 25، مری 20، لاہور 30، مظفر آباد27، کراچی 29، گلگت 29، پشاور 28 فیصل آباد32، کوئٹہ27 اور ملتان میں 31 درجہ سینٹی گریڈ رہا۔

مزید : صفحہ آخر