گلگت بلتستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں، منظوروٹو

گلگت بلتستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں، منظوروٹو

لاہور (جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ عام ا نتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ہی دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ پنجاب میں موجودہ سیٹ اپ سے عدم مطمئن نہیں۔ اگلے انتخابات کے بعد پنجاب میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔ گلگت بلتستان میں حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں۔ میاں امجد علی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پشین گوئی تو نہیں کی جاسکتی لیکن تمام انتخابات کے بعد پاکستان میں دوبارہ پیپلز پارٹی اور اتحادی ہی حکومت بنائیں گے۔ اس وقت بھی پی پی پی اور اتحادیوں کی پارلیمینٹ میں واضح اکثریت ہے اور سینیٹ میں بھی پیپلز پارٹی اکثریت حاصل کرچکی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پنجاب کے موجودہ سیٹ اپ سے لوگ مطمئن نہیں اس لئے آنے والے انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت اور تعلیم کے منصوبوں کو پس پشت ڈال کر باون ارب روپے صرف ایک سڑک پر خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ گلگت بلتستان میں خراب حالات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہاں حالات خراب کرنے میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو شناخت دی۔ اب ان کا اپنا گورنر، وزیراعلیٰ اور کابینہ ہے۔ مخصوص جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے وہاں کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید : صفحہ آخر