پیپلز پارٹی نے اقتدار کیلئے ملکی سلامتی کو داﺅ پر لگا دیا: منور حسن
لاہور(نمائندہ خصوصی(امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے امریکہ کی طرف سے حالیہ ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملکی سلامتی اور خودمختاری کو امریکہ کے ہاتھ بیچ دیا ہے۔ ڈرون حملے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں کودنے کا انعام ہےںملک میں ہر طرف دہشت گردی ، مہنگائی اور لاقانونیت کا دور دورہ ہے ،بھارت نے پانی چھوڑ کر ملک میں سیلابی صورت حال پیدا کردی ہے جس سے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کاخطرہ منڈلا رہا ہے، خطے میں امریکی موجودگی ہی تمام مسائل کی جڑ ہے اور امریکی انخلاءتک یہاں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔بھارت اور امریکہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز منصورہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔سید منور حسن نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ حکمران فوری طور مستعفی ہوجائیں اور متفقہ عبوری حکومت قائم کرکے اقتدار اس کے حوالے کردیں تاکہ ملک میں نئے انتخابات کی راہ ہموار ہو اور قوم نئے سرے سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرسکے۔ سید منور حسن نے کہا کہ حکمران کراچی اور بلوچستان کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ۔ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے اقتدار کیلئے ملکی سلامتی کو داﺅ پر لگا دیا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہو گئی ہیں ۔ عدلیہ اور اداروں سے محاذ آرائی کرپٹ حکمرانوں کا چور مچائے شور فارمولہ ہے ۔ ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا بلاتاخیر اعلان کیا جائے ۔ انہوں نے یہ بات پشاور میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ تمام نظام ناکام ہو گئے ہیں اسلام ہی انسانوں کے مسائل کا حل ہے ۔ قرآن و سنت کے احکامات کی پیروی سے امن ، محبت ، یکجہتی اور معاشی ترقی کی منزل ملے گی۔