ایک روپے کی کرپشن ثابت ہوجائے توہمارے قائدین سیاست چھوڑ دینگے، رانا ثناءاللہ

ایک روپے کی کرپشن ثابت ہوجائے توہمارے قائدین سیاست چھوڑ دینگے، رانا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو مسلم لیگی قائدین سیاست چھوڑدیں گے۔ ساڑھے چار سال سیاست نہیں عبادت کی ہے۔ علی بابا چالیس چور شور مچا کر عوام کو کنفیوز کررہے ہیں ان کا مقصد ہے نگران سیٹ اپ کو چیلنج نہ کیا جاسکے۔ عمران خاں نے اپنے جو اثاثے ڈکلیئر کئے ہیں اس پر شرم آتی ہے پوری قوم حیران و پریشان ہے۔ سپنا کیس عدالت میں ہے پنجاب حکومت اس میں غیر جانبدار ہے۔ سردار ذوالفقار علی خاں کھوسہ ہمارے بزرگ رہنما ہیں جن کے قیادت سے کوئی اختلافات نہیں۔ دوست محمد کھوسہ کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے جو حل کرلئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے 40ویں اجلاس سے قبل اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ رانا ثناءاللہ نے عمران خاں کو اسٹیبلشمنٹ خاں کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے وہ اسٹیبلشمنٹ کے مہرہ ہیں۔ انہوں نے شوکت خانم میں پڑے غریب لوگوں کے تیس کروڑ روپے استعمال کئے ہیں اور دیگر قرضہ جات کی ادائیگی کےلئے پاکستان تحریک انصاف کے عہدےدارین کو چاہیئے کہ وہ جھولی پھیلا کر لوگوں سے چندہ مانگ کر اپنے قائد کے قرضے اتاریں جبکہ (ن) لیگ قائدین کے تمام اثاثے ویب سائیڈ پر موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے قائد اسٹیبلشمنٹ کے ماتحت ہیں لہٰذا انہیں اعلیٰ قیادت نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے کہتے تھے وہ شیخ رشید کی شکل ہی نہیں دیکھنا چاہتے مگر ان کے جلسوں میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہاکہ پیر کے روز اسمبلی اجلاس میں استحقاق ترمیم بل پاس کروائیں گے جس کے باعث سپیکر صوبائی اسمبلی کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی رکن اسمبلی کو جو کسی مقدمہ میں ملوث ہو، اجلاس میں بلوا سکیں گے۔ مونس الٰہی این آئی سی ایل کیس میں جیل گئے تھے اگر ان کے والد چودھری پرویز الٰہی مشرف دور میں یہ بل پاس کروالیتے تو مونس الہی بھی دوران اسیری اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کرلیتے۔ صوبائی وزیر قانون نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوں نے بوڑھے لوگوں کی پنشن کے پیسوں کو بھی معاف نہیں کیا۔ زرداری اور اس کا کرپٹ ٹولہ چاہتا ہے کہ عوام کو لسانیت میں الجھایا جائے یہ ن لیگ کی مقبولیت کے باعث پنجاب کو ٹارگٹ کئے ہوئے ہیں۔ (ن) لیگ بہاولپور کے نئے صوبے کے طور پر قائم کرنے کے خلاف ہے ہمارا موقف ہے بہاولپور کو پرانی شکل میں بحال کیا جائے۔ رانا ثناءاللہ نے یاد دلایا کہ حکومت کے خلاف ان کے اپنے ادارے نیب نے عدالت میں بیان دیا ہے جس کے مطابق انہوں نے 83ارب روپے کی ادائیگیاں کرنی ہیں حکمران اپنے اس 83ارب روپے کی کرپشن کا جواب دیں۔

مزید :

صفحہ آخر -