قادیانی عبادت گاہوں پر حملہ کے ملزم معاویہ کی عمر کے تعین کیلئے طبی معائنہ کے احکامات جاری

قادیانی عبادت گاہوں پر حملہ کے ملزم معاویہ کی عمر کے تعین کیلئے طبی معائنہ کے ...

لاہور ( سٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ماڈل ٹاﺅن میں قادیانی عبادت گاہ پر حملہ کے مقدمے میں ملوث ملزم معاویہ کی عمر کے تعین کے لئے طبی معائنہ کے احکامات جاری کئے ہیں۔ فاضل عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ کو ملزم کی عمر کا تعین کر کے 4ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ گزشتہ روز معاویہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نابالغ ہے۔ لہٰذا اسے نابالغ قرار دے کر مقدمہ بچوں کے نظام انصاف کے تحت چلایا جائے۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاﺅن کے علاقہ میں واقع قادیانی عبادت گاہ پر 28 مئی 2010ءکو مبینہ دہشت گردوں نے حملہ کر کے بیسیوں افراد کو ہلاک جبکہ پچاس سے زائد کو زخمی کر دیا جس پر قادیانی جماعت کے رضا کاروں نے موقع سے دو مشتبہ افراد معاویہ عرف معاذ اور عبداللہ کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ پولیس نے مبینہ دہشت گردوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں بھجوا دیا ۔ جس کی سیکیورٹی خدشات کی بناءپر سماعت کی جا رہی ہے ۔

مزید : ایڈیشن 1