ایران کے انقلابی گارڈز کا اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعوی

ایران کے انقلابی گارڈز کا اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعوی

                           تہران (ثناءنیوز)ایران کے انقلابی گارڈز نے اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ان اطلاعات پر فی الحال اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ایرانی بیان کے مطابق یہ ڈرون طیارہ دارالحکومت تہران سے 240 کلومیٹر دور واقع جوہری تنصیبات کے مقام نتانز کے قریب تباہ کیا گیا۔انقلابی گارڈز کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے،جب ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے اور صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عالمی طور پر ایران کو مراعات دی جائیں تو ایران اپنی جوہری سرگرمیوں کو مزید محدود کرنے پر تیار ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں بھی اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کی جاسوسی کی اطلاعات گاہے گاہے منظرعام پر آتی رہی ہیں۔اسرائیل اور اس کے پشتی بان مغربی ممالک کو شبہ ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے ذریعے بم تیار کرنا چاہتا ہے لیکن ایران اس دعوے کی تردید کرتا ہے۔

مزید : عالمی منظر