شام میں دو سال قبل اغواءہونے والا امریکی صحافی رہا

شام میں دو سال قبل اغواءہونے والا امریکی صحافی رہا

 دمشق (آن لائن) شام میں سرگرم اسلام پسند باغیوں نے 2012 میں اغوا کیے جانے والے ایک امریکی صحافی کو رہا کردیا ۔ اس بارے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے کہ امریکی صحافی کی رہائی کیسے عمل میں آئی اور آیا ان کی رہائی کے لیے کوئی تاوان ادا کیا گیا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق صحافی پیٹر تھیو کرٹس کے اغوا میں مبینہ طور پر شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم ، النصرہ فرنٹ کے جنگجو ملوث تھے جنہوں نے اسے شام میں تعینات اقوامِ متحدہ کے ایک اہلکار کے حوالے کردیا ہے۔ گمشدگی کے دوران پیٹر کرٹس کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کا تعلق امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر بوسٹن سے ہے اور دورانِ تحویل ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ صحافیوں کے تحفظ کے لیے کوشاں امریکی تنظیم،کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق کرٹس ان 20 صحافیوں میں شامل تھے جو شام میں رپورٹنگ کے دوران لاپتا ہوگئے تھے۔ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے کرٹس کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا شام میں قید دیگر امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے بھی تمام سفارتی ، فوجی اور انٹیلی جنس ذرائع استعمال کر رہا ہے۔

مزید : عالمی منظر