ایرانی وزیرخارجہ کا عراق کے ساتھ اظہارِ یک جہتی

ایرانی وزیرخارجہ کا عراق کے ساتھ اظہارِ یک جہتی

بغداد(ثناءنیوز)عراق کے نامزد وزیر وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہےکہ سخت داعش کے خاتمے کے لیے عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔انھوں نے یہ بات بغداد میں ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ گزشتہ روزایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔جواد ظریف نے ایران کی جانب سے عراق کو اس کی علاقائی سالمیت اورداعش کے خلاف جنگ میں حمایت کا اعادہ کیا۔عراق کے نامزد وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے اس ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیاکہ ''حیدر العبادی نے داعش جیسے گینگ کی موجودگی میں خطے کو درپیش خطرات کی نشاندہی کی اور اس تنظیم کے خاتمے کے لیے علاقائی اور عالمی کوششوں کی ضرورت پر زوردیا ہے''۔بعد میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے اپنے عراقی ہم منصب ہوشیار زیباری کے ساتھ مشترکہ نیوزکانفرنس میں کہا ہے:''ہمیں عراق میں جاری جمہوری عمل کے بارے میں خوشی ہے کہ اس کے ذریعے وزیراعظم حیدر العبادی کا قومی حکومت کی تشکیل کے لیے انتخاب کیا گیا ہے جس میں عراق کے تمام فرقوں کے نمائندے شامل ہوں گے''۔انھوں نے کہا کہ ''اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ اس ملک کے اتحاد ،استحکام اور سکیورٹی کو اپنی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح قرار دیتا ہے''۔جواد ظریف سے جب صحافیوں نے ایرانی فوجیوں کے عراقی فورسز کے ساتھ مل کر داعش کے جنگجوں کے ساتھ لڑنے سے متعلق رپورٹس کے بارے میں سوال کیا تو انھوں نے اس کے جواب میں کہا کہ ''عراق میں ایرانی فوجیوں کی موجودگی کی اطلاع درست نہیں ہے۔

عراقی سرزمین پر ایک بھی ایرانی فوجی موجود نہیں ہے کیونکہ عراق کو ان فوجیوں کی ضرورت نہیں ہے''۔

مزید : عالمی منظر