اسرائیلی ڈرون،ایران نے مار گرایا!

اسرائیلی ڈرون،ایران نے مار گرایا!

یہ خبر خوش کن ہے کہ پاسداران انقلاب ایران نے اسرائیل کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ یہ ڈرون اسٹلیتھ صلاحیتوں کا حامل تھا جو راڈار پر نظر نہیں آتا۔ خبر کے مطابق پاسدارن انقلاب ایران نے ڈرون گرانے کے لئے میزائل استعمال کیا اور بتایا ہے کہ یہ اہم تنصیبات کی طرف بڑھ رہا تھا، ایران نے اسے بہت بڑی جارحیت قرار دیا اور سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔اس لحاظ سے یہ اطلاع اچھی ہے کہ اسرائیل کو اس کے ناپاک ارادوں میں ناکامی ہوئی لیکن یہ خبر تشویش کا بھی باعث ہے کہ اسرائیل کی طرف سے ایسی جارحیت کی جرأت کی گئی۔ اس کی بنیادی وجہ خود مسلمان ممالک کے درمیان اختلافات ہیں کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی مشترکہ آواز نہیں اٹھائی جا سکی اور اسرائیل خطے میں ایک عالمی غنڈے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ایران نہ صرف اسرائیل بلکہ مغربی دنیا کی آنکھوں میں بھی کھٹکتا ہے اور ڈرون حملے کی کوشش بہت خطرناک نتائج پیدا کر سکتی ہے۔ اسلامی ممالک کو غور کرنا چاہئے کم از کم جارحیت کے خلاف تو متحد ہونا چاہئے ورنہ اکیلے اکیلے نقصان اٹھاتے رہیں گے۔

مزید : اداریہ