دھرنوں کے سبب عام تاجر اور صنعتکار مضطرب ہیں‘زبیر موتی والا

دھرنوں کے سبب عام تاجر اور صنعتکار مضطرب ہیں‘زبیر موتی والا

کراچی(اکنامک رپورٹر)کراچی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری میں برسراقتدارگروپ بی ایم جی کے وائس چیئرمین اورممتاز تاجر رہنما زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی صورتحال پر عوام کی نگاہیں مرکوز ہیں، عام تاجر اور صنعتکار مضطرب ہیں۔ دھرنوں سے پورے ملک میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں، اسٹاک ایکسچینج حساس منڈی ہوتی ہے، ملک کے حالات کا اسٹاک ایکسچینج پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ملک کی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی ملک کی تمام اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے سبب صنعت کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں۔روپے کی قدرمیں مسلسل کمی ہورہی ہے جس کی وجہ سے بیرونی قرضوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کنٹینر اسلام آباد اور دیگر شہروں میں لگائے جانے کے سبب درآمدات اور برآمدات کی ضروریات پوری نہیں ہورہی ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک میں کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ معاملے کو جلد از جلد افہام و تفہیم سے حل کرے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے سبب ملک کی معاشی صورتحال پر انتہائی منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔اسٹاک ایکس چینجز میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں ، صورتحال کے سبب سرمایہ کار مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی نہیں لے رہے ۔ سیاسی عدم صورتحال کے سبب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہوتی جارہی ہے

 اس وقت بھی ڈالر102روپے سے تجاوزکرگیا ہے۔ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے براہ راست عام شہری متاثر ہو رہاہے۔

مزید : کامرس