ہنڈی کے ذریعے پیسے بھیجنے پر اکسانا غیرقانونی اقدام ہے: پیاف

ہنڈی کے ذریعے پیسے بھیجنے پر اکسانا غیرقانونی اقدام ہے: پیاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) پیاف نے کہا ہے کہ بنکوں سے ڈپوزٹ ختم کرنے اوربیرون ملک پاکستانیوں کوہنڈی کے ڈریعے پیسے بھیجنے پر اکسانا غیر قانو نی اقدام اور ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ سیاست دانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ۔ ملک کی اقتصادی حالت پہلے طویل دورانیہ کے دھرنے سے کافی کمزور ہو چکی ہے ۔ غلط نعروںکے ڈریعے اسے اپنی اناکی بھینٹ چڑھانے سے گریز کریں ۔

 پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید ۔ سینئر وائس چیئرمین خامس سعید بٹ وائس چیئرمین امجد علی جاوا ۔ لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری ظہیر بھٹہ اور کتار بند روڈ انڈسٹریل ایریا کے رہنما سید محمود غزنوی نے آج یہاں جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کسی جائیز اور اصولی مسئلہ پر احتجاج کرنا کسی بھی متاثرہ طبقہ کا آئینی حق ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اپنے آئینی حق کو قانونی حدود سے باہر کسی طور نہ جانے دیا جائے ۔ پیاف کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور کاروباری طبقہ اب کافی سمجھدار ہے ۔ کسی ایسے اقدام پر عمل کرنے کے لیے کسی طور تیارنہیں جو ملک و قوم کے لیے نقصان دہ ہو ۔ بزنس کمیونٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ ہفتوں پر محیط دھرنوں اور انقلابی نعروں سے کاروباری سرگرمیاں منجمد ہو چکی ہیں ۔ بیرون ملک سے خریدار نہیں آ رہے ۔ برآمدات پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ کاروباری طبقہ کے ساتھ ساتھ غریب اور دیہاڑی دار سخت پریشان ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ بزنس کمیونٹی سمیت ملک کے تمام طبقات نے سول نافرمانی کے نعرہ پر کان نہیں دھرے ۔ تمام طبقات نے نہ صرف سول نافرمانی کے نعرے کو مسترد کیا بلکہ اخبارات میں اعلانات بھی کر دیئے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مایوس سیاست دانوں نے ملک کی اقتصادی چولیں ہلانے کے لیے بنکو ں کے نظام کوختم کرنے کے لیے نئے نعرے لگانے شروع کر د یئے ہیں ۔ بزنس کمیونٹی نے پہلے غلط سلط نعروں پر کوئی توجہ دی ہے اور نہ ہی موجودہ اعلانات پر عمل کرنے پر تیار ہوگا اس لیے پیاف کے رہنماوں نے دھر نا سیاست دانوں سے استدعا کی ہے کہ بہت ہو چکا ۔ کاروبار بند رہنے سے ملک کو اربوں کھربوں روپے کا نقصان پہنچ گیا ۔ اب ضد چھوڑیں ۔ ملک اور عوام کو نقصان پہنچانے والے نت نئے اعلانات کی بجائے ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کریں ۔ بزنس کمیونٹی کے رہنماوں نے اسلام آباد کے تاجروں سے یکجہتی کا اظہار کیا کہ دھرنے سے نہ صرف اسلام آباد گندگی و غلاظت کا گھر بن چکا ہے بلکہ کاروبار بند رہنے سے انہیں نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر نقصان رساں روش ختم نہ ہوئی تو ملک بھر کے تاجر راست اپنا حق استعمال کرنے پر مجبو ر ہو جائیں گے ۔

مزید :

کامرس -