ایشین گیمز کیلئے پاکستان کی بیس بال ٹیم کی تیاریاں جاری

ایشین گیمز کیلئے پاکستان کی بیس بال ٹیم کی تیاریاں جاری

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )ایشین گیمز میں شرکت کے لئے پاکستان کی بیس بال ٹیم کی تیاریاں لاہور میں زور شور سے جاری ہیں ۔پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر شوکت جاوید نے بتایا کہ یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب لاہور کے سپورٹس کمپلیکس میں قومی بیس بال ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں ہیڈ کوچ مصدق حنیف کی قیادت میں کھلاڑیوں کو دو مختلف سیشنز میں بھرپور ٹریننگ دی جارہی ہے ۔پہلا سیشن چار گھنٹے کا اور دوسرا سیشن دو گھنٹے کا ہوتا ہے اور پاکستان بیس بال فیڈریشن کے سیکرٹری خاور شاہ روزنہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا جائزہ لیتے ہیں ۔ کیمپ میں کھلاڑی بہت محنت کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں ابتدا میں 30کھلاڑی شامل تھے جنھیں شارٹ لسٹ کرکے 25کردیا گیا ہے اور بعد ازاں مذید کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے تعداد کو 20کردیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ایشین گیمز میں مجموعی طور پر 8ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔ٹیموں کو اے اور بی دو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔گروپ اے میں کوریا ،چائنیز تائی پائی ،ہانگ کانگ ،تھائی لینڈ اور پول بی میں جاپان ،چائنہ ،منگولیا اور پاکستان شامل ہیں ۔پاکستان اپنا پہلا میچ ایشیا کی نمبر ون ٹیم جاپان کے خلاف 23ستمبر کو کھیلے گا جبکہ پول کا دوسرا میچ 24ستمبر کو منگولیا کے خلاف کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم چائنہ کے ساتھ میچ 25ستمبر کو کھیلے گی ۔چائنہ کی ٹیم سخت ہے۔

 لیکن پاکستان کی ٹیم چائنہ کی ٹیم کو شکست دینے کے لئے بھرپور تیاری کررہی ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ قومی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ چائنہ کے خلاف میچ کے لئے قومی ٹیم کے پچر کو دوگنا محنت کروائی جارہی ہے کیونکہ چائنہ کے خلاف میچز میں پچر تھکاوٹ کا شکار ہوجاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ااور پچر کے سٹیمنا کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے کافی محنت ہورہی ہے ۔شوکت جاوید نے بتایا کہ کیمپ میں ٹریننگ ستمبر کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گی اور اس کے بعد ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لئے روانہ ہوگی ۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی