خواجہ ندیم ایل سی سی اے کے صدر منتخب ہوجائیں گے،ذرائع
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) مخالف گروپ کے امیدواروں کی طرف سے دست برداری کے بعد خواجہ ندیم احمد اور ان کا گروپ آج لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں دوبارہ بلامقابلہ منتخب ہوجائے گا ۔ پی سی بی کے قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ خواجہ ندیم احمد مسلسل دوسری مرتبہ ایل سی سی اے کے صدر منتخب ہوجائیں گے کیونکہ ان کے مخالف امیدواروں لیفٹنٹ جنرل (ر)توقیر ضیاءاور محمد عمران بچہ نے ان کی حمایت میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں ۔سیکرٹری کے عہدہ کے امیدوار میاں مبین ،نجم مرزا اور نصیر شہزاد نے شعیب ڈار کے حق میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں جس کی وجہ سے شعیب ڈار بھی بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوجائیں گے ۔جاوید امین اور ندیم خان جو کہ خزانچی کے عہدہ کے لئے امیدوار تھے نے میاں مبین کے حق میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں جس سے میاں مبین بھی بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوجائیں گے ۔خواجہ ندیم احمد اور ان کا گروپ پی سی بی ہیڈ کوارٹر ز میں صرف انتخابی کاروائی کو پورا کرنے کے لئے آئیں گے جس کے بعد ان کی کامیابی کا آفیشلز نو ٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا ۔