پنجاب بھر میں سی این جی سیکٹر کو گزشتہ روز 24گھنٹوں کیلئے گیس فراہم کی گئی
لاہور ( خبرنگار) سوئی گیس کمپنی کے لوڈمینجمنٹ شیڈول کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں سی این جی سیکٹر کو گزشتہ روز سی این جی فراہم کی گئی ۔ لاہور میں سی این جی اسٹیشنوں پر صارفین کا زبردست رش رہا ہے اور آج صبح 6 بجے تک سی این جی کی سپلائی کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) شجاع انور نے کہا ہے کہ حکومت سی این جی سیکٹر کو ہفتہ میں کم از کم چار دن کے لئے گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ لاکھوں صارفین زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں، جبکہ سوئی گیس کمپنی کے ترجمان جی ایم سید جواد نسیم کا کہنا ہے کہ گیس کی پیداواری مقابلہ میں گیس کی ڈیمانڈ زیادہ ہے۔ اس میں پہلی ترجیح گھریلو سیکٹر کی ڈیمانڈ کو پورا کرنا ہے۔ جس کے بعد انڈسٹری سیکٹر اور دیگر سیکٹروں کو گیس فراہم کی جاتی ہے۔ گیس کی قلت کے باوجود سی این جی سیکٹر کو ہفتہ میں 48 گھنٹوں کے لئے گیس فراہم کی جا رہی ہے، تاہم اضافی گیس پر لوڈمینجمنٹ شیڈول میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔