عوام نے پانچ سال کامینڈیٹ دیا ہے،کوئی مائی کا لعل وزیر اعظم سے استعفٰی نہیں لے سکتا،حمزہ شہباز

عوام نے پانچ سال کامینڈیٹ دیا ہے،کوئی مائی کا لعل وزیر اعظم سے استعفٰی نہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                               لاہور(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،وقائع نگار)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ ایک بچے کی ضد ہے کہ اسے وزیراعظم بنادو۔ عمران خان صاحب صبر کرو آئینی مدت پوری کرنے دو ،پاکستانی عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ کوئی مائی کا لعل وزیر اعظم نوازشریف سے استعفی نہیں مانگ سکتا۔ منتخب وزیراعظم سے استعفی لینے کی ہٹ دھرمی نہیں چلے گی ،عمران خان قوم کو جھوٹی امیدیں دلانا چھوڑ دو ۔وزیر اعظم نوازشریف کا کلیجہ شیر کاہے عمران خان نے 13دن سے جو الفاظ استعمال کئے اس کی آخری حد ہوگئی ہے ۔آپ گن پوائنٹ پروزیر اعظم اور وزیر اعلی سے استعفی مانگیں گے تو قوم آپ کا محاسبہ کرے گی پاکستانی قوم نے انتشار کے نعرے کو مسترد کردیا ہے ۔پاکستان کو ترقی کرنے دیں ورنہ آپ کو قوم اٹھاکر باہر پھینک دے گی ۔عمران خان چار سال کا راشن کنٹینر میں منگوا کر رکھ لو پاکستانی قوم نوازشریف کو مستعفی نہیں ہونے دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام قرطبہ چوک مزنگ چونگی سے چیئر نگ کراس تک استحکام پاکستان ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک،شائستہ پرویز ملک،خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر،خواجہ احمد احسان ،راناتجمل اوربلال یاسین سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا کہ عوام کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔پورے پاکستان کی عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ کوئی مائی کا لعل وزیر اعظم کا استعفی نہیں مانگ سکتا۔عمران خان کے مطالبات قوم نے مسترد کردیئے ہیں اللہ کا قانون ہے کہ غرور کا سر نیچا ہوا کرتا ہے ۔عمران خان تیرہ روز سے نازیبا الفاظ استعمال کررہے ہیں عدلیہ پر الزامات لگائے گئے ۔ان الزامات کی انتہا کردی ہے ۔آفرین ہے نواز شریف پر کہ انہوں نے عمران کو کوئی جواب نہیں دیا اور صبر کا دامن تھامے رکھا ۔ہم ان کا جواب دیں گے مگر یہ جواب انہیں کراچی سے لاہور تک موٹر وے کی شکل میں دیں گے ،بجلی کے بحران پر قابو پا کر جواب دیں گے جب کارخانوں سے دھواں نکلے گا فیکٹریاں چلیں گی تو یہ ہی عمران کے نازیبا الفاظ کے جوابا ت ہونگے ۔300بسو ں پر محیط دھرنا پورے پاکستان کا دھرنا نہیں ہوسکتا۔عمران خان باربارکہتے ہیں کہ جو مجھے چھوڑ کر چلے گئے ہیں وہ واپس آجائیں جب لو گ پھر بھی نہیں آئے تو عمران خان نے میوزیکل شو کرونا شروع کردیا کہاجاتا ہے کہ نیا پاکستان بنائیں گے۔کیا نیا پاکستان بہن بھائیوں کو نشہ آور کرے گا ۔بات انتخابی دھاندلی سے شروع ہوئی ۔ہمار ا دامن صاف ہے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے۔مگر ایک بچے کی ضد ہے کہ اسے وزیر اعظم بنادو۔عمران خان صاحب صبر کرو آئینی مدت پوری کرنے دو۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجو د تمام جماعتوں نے قرارداد منظور کی ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا مطالبہ غیر آئینی ہے ۔ہمارے ان جماعتوں کے ساتھ نظریاتی اختلافات ہیں لیکن سب نے غیر آئینی مطالبات کی مخالفت کی۔جب نواز شریف عدلیہ بحالی تحریک کے لئے نکلے تو انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ میر ی جان چلی جائے تو عمران خان کو پکڑلینا۔عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی تحریک کے پوری قوم نے مسترد کردیا ہے ۔سول نافرمانی کا اعلان کرکے عمران خان نے ملک دشمنی کا ثبوت دیا۔عمران خان بھلے استعفے دیں ہم استعفے نہیں دیں گے ۔ ڈالر آسمان کو چھورہا تھا ،ذخائر کم ہورہے تھے ۔جب ہم حکومت میں آئے تو ڈالر نیچے آیا اوردنیا کہہ رہی ہے ملکی معیشت ترقی کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ لیکن چند لوگوں سے یہ ترقی دیکھی نہ گئی اور وہ سازش کرنے لگے ہیں ۔ عمران خان کو دعوت دی ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آئیں قانون سازی کریں ،پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کریں۔قوم گواہ ہے کہ جب اس ملک میں سیلاب آیا وزیر اعلی پنجاب بہاولپور میں رہے اور بے گھروں کی آبادکاری تک وہاں پر ہی مصروف رہے فصلیں اگائیں۔آج پشاور میں طوفان بارشیں ہوئیں وہاں کے لوگ اپنے منتخب نمائندوں کو ڈھونڈ رہے تھے لیکن عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ اسلام آباد میں رقص کررہے تھے ۔پاکستان کے مسائل پہاڑ جیسے ہیں پاکستان حالت جنگ میں ہے ۔10لاکھ آئی ڈی پیز کا مسلہ ہے ان کے دکھوں کے مداوا کرنے کا وقت ہے ۔انتشار کے نعرے کو مسترد کرتے ہیں اس انتشار کو روکنے کے لئے اسلام آباد جانا پڑا تو جائیں گے ۔اگر چند ہزارلوگ گن پوائنٹ پر منتخب وزیراعظم سے لیں گے تو یہ ریت ڈل جائے گی ۔عمران خان سے کہتا ہوں کہ وہ پارلیمنٹ میں آئیں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے ،انتخابی اصلاحات اور عوامی مسائل کے خاتمے کے لئے بات کریں ۔خیبر پختونخواہ کی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں کیونکہ وہاں کی عوام آپ کو ڈھوڈتی پھر رہی ہے ۔عمران خان آﺅ مل کر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑتے ہیں ۔ہم پاکستان میں آئین اور استحکام پاکستان کے لئے جنگ لڑتے رہیں گے۔ (ن) لیگ نے زندہ دلا ن لاہور میں اپنی بھر پور قو ت کا مظاہرہ کیا اور استحکام پاکستان پر نکالی جانے والی اس ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے افراد میں شر کت کی ۔ جس میں مسلم لیگ ن تاجر ونگ نے بھی عملی قوت کا مظاہرہ کر تے ہوئے تاجروں کی کثیر تعداد کی شر کت کو یقینی بنایاجبکہ ریلی میں وکلاء، طلباءو طا لبات ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ،سول سو سائٹی کے نمائندے اور ہر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شر کت کی ۔ قر طبہ چو ک سے چیئر نگ کر اس تک نکالی جانے والی ریلی کے لیے خصو صی اقدامات کیے شاہراہ کے دو نو ں اطراف میا ں نواز شر یف ، میاں شہباز شر یف اور میاں حمز ہ شہباز شریف کی فلیکسز اور بینرز آویزاں کیے گئے جبکہ وقفہ وقفہ سے ریلی کے استقبال کے لیے لیگی کارکنو ں نے اسٹیج بنا تے ہو ئے قومی نغمو ں اور ترانو ں کی دھنیں بکھیر نے کے لیے قد آور سپیکرز لگائے ہو ئے تھے ۔

مزید :

صفحہ اول -